سابق چیف منسٹر کرناٹک این دھرم سنگھ کا انتقال

وزیر اعظم نریندر مودی ‘ صدر کانگریس سونیا گاندھی ‘ راہول گاندھی و دوسروں کا اظہار تعزیت
بنگلورو 27 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) سینئر کانگریس لیڈر و سابق چیف منسٹر کرناٹک این دھرم سنگھ کا آج بنگلورو کے ایک خانگی دواخانہ میں قلب پر حملہ کی وجہ سے انتقال ہوگیا ۔ ان کی عمر 80 سال تھی ۔ دھرم سنگھ کو آج صبح سینہ میں درد کی شکایت پر دواخانہ سے رجوع کیا گیا تھا جہاں ان کا انتقال ہوگیا ۔ وہ کرناٹک کے 17 ویں چیف منسٹر تھے ۔ انہوں نے مئی 2004 سے فبروری2006 تک کانگریس ۔ جنتادل ایس حکومت کی قیادت کی تھی ۔ دھرم سنگھ کی پیدائش 25 ڈسمبر 1936 کو ضلع گلبرگہ ( موجودہ کلا برگی ) کے تعلقہ جیورگی میں ہوئی تھی ۔ وہ سات مرتبہ ریاستی اسمبلی کیلئے منتخب ہوئے تھے اورا یک بار بھی انہیں شکست نہیں ہوئی ۔ وہ 2009 میں ایک مرتبہ حلقہ بیدر سے لوک سبھا کیلئے بھی منتخب ہوئے تھے ۔ دھرم سنگھ ایک بہترین سیاست دان سمجھے جاتے تھے ۔ وہ اپنے حلقہ انتخاب میں رائے دہندوں کو شخصی طور پر جانتے تھے ۔ وہ جیورگی حلقہ سے 1978 سے 2008 تک مسلسل منتخب ہوتے رہے ۔ حالانکہ وہ ایک چھوٹی برادری سے تعلق رکھتے تھے لیکن وہ رائے دہندوں میں بلا لحاظ مذہب و ملت مقبول تھے ۔ وہ سابق میں دیو راج ارس ‘ آر گنڈو راؤ ‘ ایس بنگارپا ‘ ایم ویرپا موئیلی اور ایس ایم کرشنا کی حکومتوں میں وزیر بھی رہ چکے تھے ۔ انہوں نے داخلہ ‘ اکسائز ‘ سماجی بہبود ‘ شہری ترقیات اور عوامی کاموں کے قلمدان سنبھالے تھے ۔ اس دوران کانگریس کی صدر سونیا گاندھی اور نائب صدر راہول گاندھی نے دھرم سنگھ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ۔ سونیا گاندھی نے اپنے بیان میں کہا کہ دھرم سنگھ اپنے جذبہ اور سخت جدوجہد کی وجہ سے عوام کے دلوںا ور ذہنوں میں خصوصی مقام رکھتے تھے ۔ انہیں اپنے کاموں کی وجہ سے ہمیشہ یاد رکھا جائیگا ۔ انہوںنے غمزدہ افرادخاندان سے اظہار ہمدردی بھی کیا ہے ۔ راہول گاندھی نے دھرم سنگھ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں عوام کا لیڈر قرار دیا ۔ راہول نے کہا کہ دھرم سنگھ عوامی لیڈر تھے ۔ ان کا سیاسی کیرئیر پانچ دہوں پر محیط تھا ۔ ان کے انتقال پر وہ اظہار تعزیت کرتے ہیں۔ دھرم سنگھ گذشتہ چند ماہ سے علیل تھے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور چیف منسٹر کرناٹک ایس سدارامیا نے بھی دھرم سنگھ کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے ۔ مودی نے دھرم سنگھ کی عوامی خدمات کو بھی خراج پیش کیا ہے ۔