سابق پولیس عہدیداروں کیخلاف عدالت میں درخواست عشرت جہاں انکاؤنٹر کیس

احمدآباد ۔ 17 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) عشرت جہاں جن کو گجرات پولیس نے 2004ء میں ایک فرضی انکاؤنٹر میں ہلاک کردیا تھا ماں شمیمہ کوثر نے سی بی آئی اسپیشل کورٹ میں سابقہ پولیس عہدیدار ڈی جی ونزارا اور این کے امین کی برأت کے خلاف اپیل دائر کی جس میں انہوں نے دعویٰ کیاکہ دونوں عہدیداروں کے اس فرضی انکاؤنٹر میں ملوث ہونے کے واضح ثبوت موجود ہیں۔ آج اسپیشل سی بی آئی جج جے کے پانڈیا نے دونوں ملزموں کے بیانات سننے کے بعد ان کے خلاف لگائے گئے الزامات کی روشنی میں دوبارہ سماعت کرنے کا وعدہ کیا۔ اپنے وکیل پی آئی پرویز کے ذریعہ سے داخل کردہ درخواست میں مسز شمیمہ کوثر نے دونوں ملزموں کے خلاف واضح ثبوت ہونے کے باوجود ان کی برأت کو چیلنج کیا ہے اور انہوں نے کہاکہ 2004ء کے اس واقعہ کی جگہ جو احمدآباد کے نواح میں واقع ہے دونوں عہدیدار موجود تھے۔ کوثر نے دونوں عہدیداروں کی دوسرے آفیسروں کے ساتھ ہوئی بات چیت کی کال ریکارڈ بھی پیش کی۔ 30 جون کو عدالت اور سی بی آئی نے ناکافی شہادتوں کی بناء پر دونوں عہدیداروں کو بری کردیا تھا۔