امیٹھی،31مئی(سیاست ڈاٹ کام )مرکزی وزیر سمرتی ایرانی کے حامی سابق پردھان سریندر سنگھ کے قتل معاملے میں اہم ملزم کو پولیس نے ایک مختصر مڈبھیڑ کے بعد گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے بتایا کہ ایک اطلاع پر پولیس نے جامو علاقے میں ایک حصے کا محاصرہ کیا۔پولیس کے آنے کا پتہ چلتے ہی وسیم نے فائرنگ کرکے بھاگنے کی کوشش کی۔پولیس کی جوابی کارروائی میں وسیم کے پیر میں گولی لگی اور وہ گر گیا جس کے بعد اسے پکڑ لیاگیا۔انہوں نے بتایا کہ وسیم کی گرفتاری کے بعد سابق پردھان کے قتل میں شامل پانچوں ملزمین کو گرفتار کرلیاگیا ہے ۔زخمی بدمعاش کو پولیس کے سخت پہرے میں اسپتال میں داخل کرایاگیا ہے ۔واضح رہے کہ مسٹر سنگھ کو 25مئی کی دیر رات ان کی رہائش گاہ پر ہی گولی مار کر قتل کردیاگیاتھا جب وہ گہری نیند میں سورہے تھے ۔سابق پردھان مرکزی وزیر اور امیٹھی سے رکن پارلیمنٹ سمرتی ایرانی کے قریبی تھے ۔لوک سبھا انتخابات کی تشہیر میں انہوں نے اہم کردار ادا کیاتھا۔اس معاملے میں مقتول کے بھائی نریندرسنگھ کی تحریر پر پولیس نے وسیم ،نسیم،گولوسنگھ،رام چندر بی ڈی سی،رام ناتھ گپتا کے خلاف نامزد معاملہ درج کیاتھا۔