صدر پارٹی جگن موہن ریڈی پر ظالمانہ طریقہ کار اپنانے کا الزام
وجئے واڑہ ۔ 27 ۔ اپریل : ( پی ٹی آئی ) : ریاست آندھرا پردیش میں وائی ایس آر کانگریس کے ارکان اسمبلی سینئیر قائدین کی برسر اقتدار تلگو دیشم میں شمولیت کا سلسلہ جاری ہے ۔ اس سلسلہ کی ایک کڑی کے طور پر سابق ریاستی وزیر داخلہ ایم وی میسورا ریڈی وائی ایس آر سی قائد نے صدر وائی ایس آر کانگریس جگن موہن ریڈی پر ظالمانہ طریقہ کار اپنانے کا الزام عائد کرتے ہوئے پارٹی سے استعفیٰ دے دیا ۔ میسورا ریڈی جو کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ایک اہم قائد تصور کئے جاتے تھے نے آج صبح اپنے استعفیٰ کا ای میل مکتوب جگن موہن ریڈی کو روانہ کردیا ۔ پارٹی سے مستعفی ہونے کے بعد میسورا ریڈی نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ جگن موہن ریڈی پارٹی معاملات پر دیگر قائدین کی رائے نہیں لے رہے ہیں اور خود ہی فیصلے کررہے ہیں ۔ میسورا ریڈی جو کہ پہلے کانگریس اور تلگو دیشم سے وابستہ رہ چکے ہیں نے بتایا کہ سوائے دولت کے حصول کے جگن موہن ریڈی کا کوئی مقصد نہیں رہ گیا ہے ۔ جب کہ وہ بہتر انسانی اقدار سے کنارہ کش ہوچکے ہیں ۔ میسورا ریڈی نے بتایا کہ اپوزیشن جماعت ہونے کے باوجود وائی ایس آر سی پی عوامی کاز کے لیے کچھ نہیں کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جگن موہن ریڈی جمہوریت میں یقین نہیں رکھتے جب کہ وائی ایس آر سی پی میں جو کچھ پیش آرہا ہے وہ مفادات حاصلہ کی کارستانی ہے ۔ وائی ایس آر کانگریس کے سینئیر قائد میسورا ریڈی نے کہا کہ بحیثیت ایک سینئیر سیاست داں جب بھی ضرورت پیش آئی میں نے صدر وائی ایس آر سی پی کو مشورہ دینے کی کوشش کی تاہم انہوں نے ( جگن موہن ریڈی ) نے میرے مشورہ کو کبھی خاطر میں نہیں لایا ۔ سابق ریاستی وزیر داخلہ اور سابق رکن راجیہ سبھا میسورا ریڈی کے جگن موہن ریڈی کے والد اور آنجہانی چیف منسٹر اے پی وائی ایس راج شیکھر ریڈی سے سرد گرم تعلقات تھے ۔ میسورا ریڈی بحیثیت رکن پارلیمنٹ سال 2009 میں وائی ایس راج شیکھر ریڈی حکمرانی کے خلاف ایک بک لیٹ ’ راجہ آف کرپشن ‘ ( رشوت کا بادشاہ ) کو منظر عام پر لانے میں ٹی ڈی پی کی مدد کی تھی ۔ میسورا ریڈی سال 2011 میں کڑپہ سے جگن موہن ریڈی کے خلاف انتخابی مقابلہ کیا تھا جس میں انہیں ( میسورا ریڈی ) کو شکست ہوئی تھی ۔۔
ٹی ایس آر ٹی سی کے ضلعی بس
اسٹیشنوں کو عصری بنانے کی تجویز
حیدرآباد ۔ 27 ۔ اپریل : ( این ایس ایس ) : تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن ( ٹی ایس آر ٹی سی ) اضلاع کے مختلف بس اسٹیشنوں کو عصری بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس تجویز میں سات بس اسٹیشن شامل ہیں ۔ جس میں تانڈور ، شاہ آباد ( ضلع رنگاریڈی ) ، آرمور اور کاماریڈی ( ضلع نظام آباد ) کولہ پور ( محبوب نگر اور عادل آباد ) شامل ہیں ۔ کارپوریشن نے تاحال 357 بس اسٹیشنوں کے علاوہ 1091 بس شٹلرس کو تعمیر کیا ہے ۔۔