لندن ۔8اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم برطانیہ تھریسامے آج سابق وزیر خارجہ بورس جانسن سے معذرت خواہی کا مطالبہ کرنے والے افراد میں شامل ہوگئیں ۔ بورس جانسن نے ایک برقعہ پوش خاتون کو ’’لیٹر باکس ‘‘ قرار دیا تھا ۔ اخبار کے ایک مضمون میں بورس جانسن نے اسلامی لباس پر جن میں موجودہ دور کا برقعہ بھی شامل ہے ڈنمارک میں امتناع کی مخالفت کی تھی ‘تاہم برقعہ پوش خواتین کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا کہ وہ لیٹر باکسیس کی طرح نظر آتی ہیں ۔ ان کے تبصرے پر مظاہرے ہوئے تھے اور ان سے معذرت خواہی کے مطالبے کئے گئے تھے ۔ مسلم کونسل آف بریٹن نے اُن پر الزام عائد کیا تھا وہ انتہا پسند دائیں بازو کی نمائندگی کررہے ہیں ۔ اس کی اپوزیشن پارٹی لیبر پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ نے بورس جانسن پر اسلامو فوبیا پھیلانے کا الزام عائد کیا تھا ۔ تھریسا مے نے اعتراف کیا کہ یہ بالکل واضح ہے کہ سابق وزیرخارجہ نے جرم کیا ہے ۔