سابق وزیر جے پرساد راؤ کی کانگریس میں شمولیت کا امکان

حیدرآباد ۔ 5؍ اگسٹ ( سیاست نیوز) سابق چیف منسٹر آندھراپردیش آنجہانی جلگم وینگل راؤ کے فرزند سابق وزیر مسٹر جلگم پرساد راو کی کانگریس میں شمولیت کی راہ ہموار ہوچکی ہے ۔ جنرل سکریٹری کل ہند کانگریس و انچارج امور تلنگانہ آڑ سی کنٹیا کی صدارت میں پارٹی قائدین کے ساتھ اجلاس میں جلکم پرسادراؤ کو دوبارہ کانگریس میں شامل کرلینے کا فیصلہ کرلیکا گیا ہے ۔ جلگم پرسادراؤ طویل عرصہ سے کانگریس سے دور تھے ۔ پارٹی ذرائع نے کہا کہ کانگریس نے کسی شرائط کے بغیر پارٹی میں شمولیت کیلئے رضامند قائدین کیلئے دروازے کھلے رکھے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ بات چیت کے ذریعہ مختلف قائدین کوکسی شرط کے بغیر پارٹی میں شامل کرنے سینئر قائدین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ۔ یہی کمیٹی مختلف قائدین کی پارٹی میں شمولیت کیلئے راہ ہموار کرے گی ۔ بتایاجاتا ہے کہ کھمم میں کانگریس کو مضبوط بنانے کانگریس کے سینئر قائدین نے جلگم پرسادراؤ سے ملاقات کرکے انہیں پارٹی میں شمولیت کی ترغیب دی جس پر مسٹر جلگم پرساداو نے دوبارہ کانگریس میں شمولیت پر رضامندی کا اظہار کیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ صدر کانگریس راہول گاندھی کے دورہ حیدرآباد کے موقعہ پر وہ پارٹی میں شمولیت اختیار کریں گے ۔