کانگریس کا احتجاج ۔ رات دیر گئے ڈی جی پی سے نمائندگی
حیدرآباد۔ 10 ستمبر (سیاست نیوز) سابق وزیر جگا ریڈی کو فرضی پاسپورٹ اور ویزا مقدمہ میں کمشنر ٹاسک فورس پولیس نے حراست میں لے لیا۔ جگا ریڈی کو پولیس نے پٹن چیرو اوٹر رنگ روڈ کے قریب حراست میں لے کر شہر منتقل کیا اور سکندرآباد ٹاسک فورس آفس منتقل کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ سال 2004 ء میں مونڈا مارکٹ پولیس اسٹیشن میں فرضی پاسپورٹ اور ویزا کے معاملے میں انہیں مطلوب قرار دیا تھا۔ آج رات سابق وزیر کو 14 سال قدیم کیس میں گرفتار کرلیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ جگا ریڈی کو بنجارہ ہلز میں واقع ججس کوارٹرس متعلقہ جج کی رہائش گاہ میں پیش کئے جانے کا امکان ہے۔ جگاریڈی کی گرفتاری کی اطلاع پر صدر پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات سے عین قبل کانگریس کو نشانہ بناتے ہوئے پولیس مشنری کا بے جا استعمال کیا جارہا ہے۔ اتم کمار ریڈی کی زیرقیادت آر سی کنٹیا سیکریٹری آل انڈیا کانگریس کمیٹی، قائد تلنگانہ کونسل محمد علی شبیر اور دیگر رات دیر گئے ڈائرکٹر جنرل پولیس تلنگانہ مہیندر ریڈی کی رہائش گاہ پہنچ کر احتجاج کیا اور جگا ریڈی کی گرفتاری کے خلاف ڈی جی پی کو یادداشت پیش کی۔