سابق وزیر ایم وینکٹیشور راؤ کی دوبارہ کانگریس میں شمولیت

حیدرآباد /23 ستمبر (سیاست نیوز) ضلع کھمم سے تعلق رکھنے والے سابق ریاستی وزیر ایم وینکٹیشور راؤ وائی ایس آر کانگریس سے مستعفی ہوکر دوبارہ کانگریس میں شامل ہوں گے۔ وہ 2014ء کے عام انتخابات میں وائی ایس آر کانگریس کے ٹکٹ پر حلقۂ اسمبلی کتہ گوڑم سے مقابلہ کرتے ہوئے ہار گئے تھے، اس کے بعد ہی سے وہ وائی ایس آر کانگریس کی سرگرمیوں سے دور ہوگئے۔ واضح رہے کہ عام انتخابات میں کانگریس نے اپنی اتحادی جماعت سی پی آئی کے لئے کتہ گوڑم نشست چھوڑ دی تھی، جس کی وجہ سے وینکٹیشور راؤ کانگریس سے مستعفی ہوکر وائی ایس آر کانگریس میں شامل ہو گئے تھے اور اب وہ دوبارہ کانگریس میں شامل ہونا چاہتے ہیں۔ دریں اثناء تلنگانہ پردیش کانگریس نے انھیں دوبارہ پارٹی میں شامل کرنے ہائی کمان سے سفارش کی تھی، جس کی منظوری کی اطلاع کانگریس کے جنرل سکریٹری جناردھن دیویدی نے ریاستی کانگریس کمیٹی کو دے دی ہے، لہذا بہت جلد ایم وینکٹیشور راؤ اپنے حامیوں کے ساتھ کانگریس میں دوبارہ شامل ہو جائیں گے۔