اسلام آباد 29 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق وزیر اعظم پاکستان یوسف رضا گیلانی کے خلاف آج ایک ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیا گیا ہے ۔ یہ وارنٹ ایک سابق وزیر کے خلاف بھی جاری کیا گیا ہے اور ان پر سات بلین روپئے کے کرپشن کا الزام ہے ۔ کراچی کی انسداد کرپشن عدالت نے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی کی جانب سے یوسف رضا گیلانی اور ان کے وزیر فہیم کے خلاف ثبوت ملنے کا دعوی کرنے کے بعد یہ وارنٹس جاری کئے گئے ہیں۔ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی نے چارچ شیٹ پیش کی ہے اور کہا کہ اس نے عدالت میں ثبوت پیش کردیا ہے ۔ عدالت نے قبل ازیں دونوں کو نوٹس جاری کی تھی ۔ سابق وزیر فہیم نے اس نوٹس کا عدالت میں کوئی جواب نہیں دیا تھا ۔ ان دونوں پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے عہدوں کا بیجا استعمال کرتے ہوئے کسی معاملت کو تکمیل تک پہونچانے میں بھاری رقومات بطور رشوت حاصل کی ہیں۔