سابق وزیر اعظم آنجہانی پی وی نرسمہا راؤ کو خراج

نیکلس روڈ پر یوم پیدائش تقریب، سرکردہ سیاسی قائدین کی شرکت
حیدرآباد۔/28جون، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کے سپوت و سابق وزیر اعظم آنجہانی پی وی نرسمہا راؤ کی94ویں یوم پیدائش کے سلسلہ میں نیکلس روڈ پر واقع گیان بھومی ( سمادھی ) کے پاس منعقدہ تقریب کے موقع پر مختلف ممتاز قائدین بشمول مرکزی وزراء، ڈپٹی چیف منسٹرس و ریاستی وزراء ریاست تلنگانہ، اسپیکر اسمبلی تلنگانہ ، ارکان پارلیمان و دیگر کے علاوہ ارکان خاندان (پی وی نرسمہا راؤ ) نے انہیں بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔ مرکزی وزیر لیبر مسٹر بنڈارو دتاتریہ، اسپیکر اسمبلی مدھو سدن چاری، ڈپٹی چیف منسٹرس تلنگانہ محمد محمود علی، کے سری ہری، وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ، وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی، وزیر عمارات و شوارع ٹی ناگیشور راؤ، چیف سکریٹری راجہ شرما، قائد اپوزیشن قانون ساز اسمبلی مسٹر کے جانا ریڈی، صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اوتم کمار ریڈی، صدر آندھرا پردیش کانگریس کمیٹی این رگھوویرا ریڈی، رکن پارلیمان بھونگیر بی نرسیا اور دیگر قائدین آنجہانی پی وی نرسمہا راؤ کو خراج عقیدت پیش کرنے والوں میں شامل ہیں۔ جبکہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ٹوئٹر کے ذریعہ آنجہانی سابق وزیر اعظم پی وی نرسمہا راؤ کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ آنجہانی نرسمہا راؤ ایک دیرینہ تجربہ کار و سینئر سیاسی قائد تھے۔ اسی دوران کریم نگر میں منعقدہ تقریب میں رکن پارلیمان مسٹر ونود نے آنجہانی نرسمہا راؤ کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا اور ضلع کریم نگر مستقر پر واقع کوئی ایک اہم مقام پر آنجہانی پی وی نرسمہا راؤ کا مجسمہ نصب کرنے کا اعلان کیا۔ علاوہ ازیں دہلی میں پی وی نرسمہا راؤ یادگار قائم کرنے کیلئے مرکزی حکومت پر دباؤ ڈالنے کا رکن پارلیمان نے اظہار کیا۔ مسٹر ونود نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں ہندوستان کی منفرد شناخت بنانے والے پی وی نرسمہا راؤ کی تلنگانہ حکومت نے یاد تازہ کی ہے جبکہ سابق میں انہیں ہر سطح پر مرکزی و ریاستی سطح پر نظر انداز کردیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پی وی نرسمہا راؤ کی تاریخ حیات تعلیمی نصاب میں شامل کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ رکن پارلیمان نے مزید کہا کہ آنجہانی پی وی نرسمہا راؤ نے ملک میں معاشی اصلاحات پر عمل آوری کے ذریعہ ملک کو صحیح سمت پر گامزن کیا تھا۔ اسی دوران آنجہانی پی وی نرسمہا راؤ کے افراد خاندان نے سابق حکومتوں پر پی وی نرسمہا راؤ کو بالکلیہ طور پر نظر انداز کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ آج صرف اور صرف تلنگانہ حکومت نے پی وی نرسمہا راؤ کی یاد تازہ کرتے ہوئے سرکاری سطح پر آنجہانی وزیر اعظم کی 94ویں یوم پیدائش تقاریب کا انعقاد عمل میں لایا۔ افراد خاندان نے حکومت تلنگانہ سے اظہار تشکر کیا۔