حیدرآباد 22جون (یواین آئی )متحدہ آندھراپردیش کے آخری کانگریسی وزیر اعلی این کرن کمار ریڈی امکان ہے کہ سرگرم سیاست میں واپسی کریں گے ۔ انہوں نے ضلع چتور کے نگری پلی میں اپنے حامیوں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا ۔ سمجھا جاتا ہے کہ سابق وزیراعلی کرن کمار ریڈی ، سابق وزرا اور ارکان اسمبلی سے بھی ملاقات کرتے ہوئے اپنے سیاسی منصوبوں سے واقف کروائیں گے ۔ مسٹر ریڈی نے متحدہ آندھراپردیش کی تقسیم کے ذریعہ تلنگانہ کو ریاست کادرجہ دینے کی شدید مخالفت کی تھی اور 2014کے انتخابات سے پہلے کانگریس چھوڑ کر اپنی خود کی جئے سمکھیا آندھراپارٹی قائم کی تھی۔انہوں نے خود انتخابات میں حصہ نہیں لیا تھا تاہم ان کی پارٹی کے لیڈروں نے انتخابات میں حصہ لیا تھا ۔کوئی بھی امیدوار کامیاب نہیں ہوسکا تھا۔