نئی دہلی ۔ 21 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سابق وزیراعظم راجیو گاندھی کی آج 24 ویں برسی منائی گئی۔ ان کی یاد میں کئی قائدین نے انہیں خراج پیش کیا۔ راجیو گاندھی کی اہلیہ اور صدر کانگریس سونیا گاندھی نے اپنے فرزند اور پارٹی نائب صدر راہو گاندھی، دختر پرینکا گاندھی اور داماد رابرٹ وڈرا کے ہمراہ ویربھومی پہنچ کر انہیں خراج پیش کیا۔ سابق وزیراعظم منموہن سنگھ اور پارٹی کے دیگر قائدین آسکر فرنانڈیز، ای سی چکو، غلام نبی آزاد، اجئے ماکن بھی خراج پیش کرنے والوں میں شامل تھے۔ تاہم صدرجمہوریہ، نائب صدرجمہوریہ اس یادگار تقریب میں شریک نہیں ہوسکے۔ صدرجمہوریہ اور نائب صدرجمہوریہ ویربھومی پر منعقدہ دعائیہ اجتماع میں شرکت کے خواہاں تھے لیکن آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی جانب سے منعقد کی جانے والی اس تقریب کے ذمہ داروں نے صدرجمہوریہ، نائب صدرجمہوریہ پر زور دیا کہ وہ صرف راجیو گاندھی کی یوم پیدائش تقاریب میں شرکت کریں۔ برسی کی تقریب میں شرکت نہ کریں۔ راجیو گاندھی کی یہ پہلی برسی ہے جس میں 10 سال کی حکمرانی کے بعد مرکز میں کانگریس کا اقتدار نہیں ہے۔ کانگریس ذرائع نے کہا کہ صدر کانگریس سونیا گاندھی نے سابق وزیراعظم منموہن سنگھ کو 2012ء میں مکتوب لکھتے ہوئے خواہش کی تھی کہ برسی کی تقاریب کو معمولی طور پر منعقد کریں جبکہ سالگرہ تقاریب کا شاندار اہتمام کیا جائے۔ مودی حکومت نے بھی سالگرہ اور برسی تقاریب کے موقع پر متعلقہ لیڈر کے خاندانوں کی جانب سے شرکت کو ترجیح دی ہے۔ اس میں پارٹی کے قائدین بھی شرکت کریں۔ حکومت کے لوگ شریک نہیں ہوں گے۔