نئی دہلی، 30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) انتہائی اہم ترین شخصیات کیلئے ہیلی کاپٹرس کی خریدی سے متعلق اگسٹا ویسٹ لینڈ کے ساتھ کی گئی 3600 کروڑ روپئے مالیتی معاملت کے ضمن میں سی بی آئی نے آج انڈین ایرفورس کے سابق نائب سربراہ جے ایس گجرال سے پوچھ گچھ کی۔ ایر مارشل (ریٹائرڈ) جے ایس گجرال آج صبح یہاں واقع سی بی آئی ہیڈ کوارٹر پہونچے اور اس مقدمہ کی تحقیقات کرنے والی ٹیم کے اجلاس پر حاضر ہوئے۔ وہ بھی ان کئی سینئر عہدیداروں میں شامل تھے جنھوں نے 2005 ء میں منعقدہ اس اجلاس میں شرکت کی تھی جس میں معاملت سے متعلق درکار ضابطوں میں ترمیم کا فیصلہ کیا گیا تھا۔