سابق مرکزی وزیر کروپا رانی کی جگن سے ملاقات

28 فروری کو وائی ایس آر کانگریس میں شمولیت، آندھراپردیش میں کانگریس کو جھٹکا
حیدرآباد ۔ 19۔ فروری (سیاست نیوز) سابق مرکزی وزیر کے کروپا رانی نے آج حیدرآباد میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے سربراہ وائی ایس جگن موہن ریڈی سے ملاقات کی ۔ وہ کانگریس سے مستعفی ہوکر وائی ایس آر کانگریس پارٹی میں شمولیت کے خواہاں ہیں۔ ملاقات کے بعد انہوں نے کہا کہ 28 فروری کو امراوتی میں باقاعدہ طور پر پارٹی میں شامل ہوجائیں گی ۔ جگن موہن ریڈی سے ملاقات کے دوران آندھراپردیش کی سیاسی صورتحال بالخصوص اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے شریمتی کروپا رانی نے کہا کہ وہ جگن موہن ریڈی کی عوامی خدمات اور خاص طور پر کمزور طبقات کی بھلائی کیلئے ان کی جدوجہد سے متاثر ہیں۔ کروپا رانی کا تعلق سریکاکولم ضلع سے ہے اور وہ پسماندہ طبقات سے تعلق رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وائی ایس جگن موہن ریڈی نے بی سی گرجنا میں بی سی طبقات کیلئے جو اعلانات کئے ہیں، اس سے عوام میں کافی جوش و خروش پایا جاتا ہے ۔ جگن موہن ریڈی نے پانچ برسوں کے دوران بی سی ویلفیر کیلئے 75000 کروڑ مختص کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی تقسیم کے بعد جگن موہن ریڈی کی پرجا سنکلپ یاترا سے یہ ثابت ہوچکا ہے کہ وہ پسماندہ طبقات کی ترقی میں سنجیدہ ہیں۔ پسماندہ طبقات سماج کی ریڈ کی ہڈی ہیں اور جگن موہن ریڈی نے اس طبقہ کیلئے کئی وعدے کئے ہیں۔ کروپا رانی 2004 اور 2009 ء میں کانگریس پارٹی کے ٹکٹ پر لوک سبھا کیلئے منتخب ہوئی تھیں اور وہ ڈاکٹر منموہن سنگھ کابینہ میں وزیر رہیں۔ کروپا رانی کی کانگریس سے علحدگی کو سریکا کولم میں پارٹی کیلئے ایک جھٹکا تصور کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ کانگریس کی ابتدائی رکنیت سے استعفیٰ دے چکی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ آئندہ انتخابات میں ٹکٹ کی خواہش میں وہ وائی ایس آر کانگریس میں شامل نہیں ہوئی ہیں بلکہ وہ غیر مشروط طور پر آئی ہیں۔ انہوں نے کانگریس اور تلگو دیشم پارٹی کے اتحاد کی سختی سے مخالفت کی اور کہا کہ وہ اس سلسلہ میں راہول گاندھی کو مکتوب روانہ کرچکی ہیں ۔ چندرا بابو نائیڈو نے آندھرا پردیش کو خصوصی موقف کے مسئلہ پر اپنا بیان تبدیل کردیا ہے ۔ سابق میں وہ خصوصی موقف کے بجائے خصوصی پیاکیج کی وکالت کرتے رہے لیکن آج وہ سیاسی مفادات کی تکمیل کیلئے دوبارہ خصوصی موقف کی مانگ کر رہے ہیں۔ آندھراپردیش کے عوام چندرا بابو نائیڈو پر بھروسہ نہیں کریں گے اور آئندہ اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی شاندار کامیابی ہوگی۔ کروپا رانی نے کہا کہ جگن موہن ریڈی کو آندھراپردیش کے عوام آئندہ چیف منسٹر کی حیثیت سے دیکھ رہے ہیں ۔