سابق مرکزی وزیر ڈی مارن کو غیر قانونی ٹیلیفون ایکس چینج

کے سلسلہ میں سپریم کورٹ مقدمہ کا سامنا
نئی دہلی 30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے سابق مرکزی وزیر دیاندھی مارن کی درخواست کو مسترد کردیا اور اُنھیں ہدایت دی کہ غیر قانونی ٹیلیفون ایکس چینج قائم کرنے کے الزام میں جس سے سن ٹی وی نیٹ ورک میں اُن کے بھائی کلنتی مارن کو فائدہ پہونچا تھا۔ مقدمہ کا سامنا کریں۔ جسٹس رنجن گوگوئی اور جسٹس بھانومتی اور جسٹس نوین سنہا پر مشتمل ایک بنچ نے کہاکہ وہ اِس معاملے میں دخل اندازی کے لئے تیار نہیں ہے اور تمام الزامات تفصیل کے ساتھ مقدمے کی سماعت کے دوران بیان کئے جاسکتے ہیں۔ یہ مقدمہ دیاندھی سے متعلق ہے۔ وہ ماضی میں مرکزی وزیر برائے مواصلات و اطلاعاتی ٹیکنالوجی یو پی اے دور حکومت میں رہ چکے ہیں۔ سی بی آئی نے الزام عائد کیا ہے کہ اُنھوں نے اپنے عہدے کا ناجائز فائدہ اُٹھاتے ہوئے ایک غیر قانونی ٹیلیفون ایکس چینج قائم کیا تھا۔