مالے 30 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) مالدیپ کے سپریم کورٹ نے جلاوطن سابق صدر محمد نشید کو دی گئی 13 سال کی سزائے قید کو استغاثہ کی درخواست کے مطابق تاحکم ثانی معطل کردیا ہے۔ سپریم کورٹ نے آج منگل کو حکم دیا کہ حکومت، پولیس اور دیگر حکام کو سابق صدر محمد نشید کی سزا کی معطلی کی پابندی کرنا چاہئے۔ زائداز دو سال سے جلاوطن محمد نشید کی وطن واپسی سے دو دن قبل یہ احکام جاری کئے گئے ہیں۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہ اقدام دراصل محمد نشید کی آمد پر گرفتاری سے حکومت کو باز رکھنے کے لئے یہ حکم جاری کیا گیا ہے۔ سبکدوش صدر محمد یامین عبدالقیوم نے بشمول نشید متعدد سیاسی مخالفین کو جیل کے حوالہ کردیا تھا۔ تاہم نشید کی پارٹی کے امیدوار نے 28 اکٹوبر کو منعقدہ انتخابات میں یامین کو شکست دی تھی۔