سابق صدر سنگاپور ناتھن کی جمعہ کو آخری رسومات

سنگاپور ۔ 23 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی نژاد سنگاپور کے سابق صدر ایس آر ناتھن جن کا گذشتہ شب انتقال ہوگیا تھا، جمعہ کے دن ان کی آخری رسومات پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی جائیں گی۔ وزیراعظم کے دفتر سے جاری ایک بیان میں یہ بات کہی گئی۔ آنجہانی صدر کے احترام میں تمام سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔ جمعہ کو شام 4 بجے سے آنجہانی صدر کی ارتھی کا جلوس نیشنل یونیورسٹی آف سنگاپور کے یونیورسٹی کلچرل سنٹر سے نکالا جائے گا جہاں ناتھن کے ارکان خاندان، دوست احباب اور سابق ہم پیشہ شرکت کریں گے جبکہ صدر ٹونی ٹین کابینی وزراء، ارکان پارلیمنٹ اور سیول سرونٹس کے علاوہ تمام شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والی سنگاپوری عوام کی قیادت کریں گے جس کے بعد ناتھن کے جسدخاکی کو نذرآتش کردیا جائے گا۔ قبل ازیں آنجہانی کے جسدخاکی کو جمعرات کے روز 10 بجے صبح ریاستی پارلیمنٹ ہاؤس لایا جائے گا۔