تہران۔ 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ایران کے ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق صدر ایران اور بنیاد پرست سیاست دان محمود احمدی نژاد ایک بار پھر صدارتی انتخابات کیلئے قسمت آزمائی کا ارادہ رکھتے ہیں۔ وہ 2017ء میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں حسن روحانی کے مقابلے میں دوبارہ میدان میں اتریں گے۔ ایران کے ایک مقامی فارسی نیوز ویب پورٹل ’’انتخاب‘‘ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سابق صدر نے آئندہ سال ہونے والے صدارتی انتخابات میں دوبارہ امیدوار بننے کا مصمم ارادہ کرلیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق حال ہی میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ دوبارہ الیکشن جیت کر بنیادی اشیاء پر سبسڈی 4 لاکھ 50 ہزار ایرانی ریال سے بڑھا کر 25 لاکھ ریال یعنی 71 ڈالرس تک لے جائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق صدر ایران 2013ء میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں اصلاح پسند لیڈر حسن روحانی کی کامیابی پر سخت برہم تھے ، ان کی یہ برہمی میں اس وقت اور بھی اضافہ ہو گیا جب گذشتہ ماہ فروری میں ایران میں پارلیمنٹ اور رہبری کونسل کے انتخابات میں اصلاح پسندوں نے ایک بار پھر کامیابی حاصل کی۔ اصلاح پسند قائدین محمد خاتمی، علی اکبر ہاشمی اور صدر حسن روحانی کے حامیوں کی کامیابی پر احمدی نژاد سخت برہم ہیں۔ ذرائع کے مطابق محمود احمدی نژاد ،حسن روحانی کے ساتھ مناظرہ میں کامیاب رہنے کے بعد دوبارہ صدارتی انتخابات جیت سکتے ہیں کیونکہ وہ ماضی میں بھی اپنے حریف سیاسی قائدین اور صدارتی امیدواروں کو چاروں شانے چت کرچکے ہیں۔