بل کلنٹن اور ہیلاری کلنٹن بھی نیوزی لینڈ کا دورہ کرنے کا انکشاف
آکلینڈ ۔ 25فبروری ( سید مجیب کی رپورٹ ) سابق صدر امریکہ بارک اوباما 21فبروری کو اپنے تین روزہ نجی دورہ پر نیوزی لینڈ پہنچے اور 23فبروری کو وطن واپس ہوگئے ۔ وزیراعظم نیوزی لینڈ جیسنڈرا اینڈرین نے ان کے دورہ کی توثیق کی ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ قبل ازیں 1999ء میں دورصدارت میں سابق صدر بل کلنٹن بھی نیوزی لینڈ کا دورہ کرچکے ہیں ۔ سابق وزیر خارجہ امریکہ ہیلاری کلنٹن جو سابق صدر بل کلنٹن کی شریک حیات ہیں ماہ مئی میں نیوزی لینڈ کا دورہ کریں گی جس کی تفصیلات ہنوز طئے نہیں کی گئی ہے ۔ سابق صدر امریکہ بل کلنٹن نے قبل ازیں نیوزی لینڈ کا دورہ کیا تھا جب کہ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جینی شفلی تھیں ۔ امریکہ ۔ نیوزی لینڈ کے تعلقات کے استحکام کا اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ایک برسرعہدہ صدر امریکہ ‘ ایک سابق صدر اور سابق خاتون اول و وزیر خارجہ امریکہ ہیلاری کلنٹن نیوزی لینڈ کا دورہ کرچکے ہیں ۔ نیوزی لینڈ تاج برطانیہ کے تحت ممالک میں شامل ہے اور برطانیہ کے ملیکہ یا شاہ ملک کے روایتی سربراہ مملکت کی حیثیت رکھتے ہیں ۔ ان تمام ممالک میں جو تاج برطانیہ کے تحت ہیں نیوزی لینڈ کے شہریوں پر ویزا کا اطلاق نہیں ہوتا اور وہ کسی بھی وقت ان میں سے کسی بھی ملک کا سفر کرسکتے ہیں ۔ تاج برطانیہ کے تحت آنے والے ممالک میں نمایاں ممالک کینیڈا اور آسٹریلیا ہیں ۔