سابق رکن راجیہ سبھا کی لاش کے ساتھ سیلفی لینے والے ملازمین معطل

حیدرآباد یکم ستمبر (یواین آئی )راجیہ سبھا کے سابق رکن و فلم اداکارہری کرشنا کی لاش کے ساتھ سیلفی لینے والے ملازمین کو کامینینی ہاسپٹل کے انتظامیہ نے معطل کردیا ہے ۔تین دن قبل تلنگانہ کے ضلع نلگنڈہ کے نارکٹ پلی کے پاس پیش آئے خوفناک حادثہ میں ہری کرشنا زخمی ہوگئے تھے ۔انہیں علاج کیلئے نارکٹ پلی کے کامینینی ہاسپٹل میں بھرتی کروایا گیا تھا جہاں ان کی موت واقع ہوگئی ۔سوشل میڈیا پر ایک تصویر گشت میں ہری کرشنا کی لاش کے ساتھ دو ڈیوٹی نرس، وارڈ بواے اور وارڈ گرل نے مسکراتے ہوے سیلفی لی۔اس تصویر کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے ساتھ ہی ہاسپٹل انتظامیہ نے وضاحت کی کہ ان کے ہاسپٹل سے رجوع ہونے والے مریض کی بیماری کو راز میں رکھا جاتا ہے لیکن ہاسپٹل کے ملازمین نے قواعد کی خلاف ورزی کی ہے جس پر ہمیں افسوس ہے اس لئے ان کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے اور ان کو معطل کیاجارہا ہے ۔