سابق رکن اسمبلی کے مکان پر نکسلائیٹس کا حملہ

رائے پور۔/6جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) ریاست چھتیس گڑھ میں انتہا پسندپسندی سے متاثرہ ضلع کانکیر میں نکسلائیٹس نے ایک سابق کانگریس رکن اسمبلی کے مکان پر ہلہ بول دیا اور ان کے سیکوریٹی گارڈ سے اسلحہ چھین کر فرار ہوگئے تاہم اس واقعہ میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔ ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ آر این داس نے بتایا کہ 4مسلح نکسلائیٹس کل شب 8:30 بجے موٹر سیکلوں پر سوار ہوکر علاقہ یکھنجور میں واقع سابق رکن اسمبلی منتو رام پوار کے مکان پہنچے اور اچانک ہلہ بول دیا۔ اس حملہ کے وقت مسٹر پوار دارالحکومت رائے پور میں تھے جبکہ ان کی اہلیہ اور دو بچے مکان میں موجود تھے۔تاہم اس حملہ میں کسی کو گزند نہیں پہنچی۔ باغیوں نے سیکوریٹی گارڈس کو طمانچہ رسید کیا اور ان کی تحویل سے4عدد انساس رائفلس ایک ایس ایل آر رائفل اور چند ایک کارآمد گولیاں چھین کر فرار ہوگئے۔ اس واقعہ کے فوری بعد سیکورٹی فورس کی ٹیم جائے وقوع پہنچی اور حملہ آوروں کو پکڑنے کیلئے مشترکہ تلاشی مہم شروع کردی گئی ہے۔ ایس پی نے بتایا کہ بادی النظر میں ایسا معلوم ہوتا ہے کہ سیکوریٹی گارڈس نکسلائیٹس کی شناخت نہیں کرسکے کیونکہ وہ سیول عام شہریوں کے لباس میں تھے اور وہ خطرہ محسوس کرنے سے قبل ہی ماویسٹوں نے سیکورٹی گارڈس کو اسلحہ سے خوفزدہ کردیا۔ سابق رکن اسمبلی پوار نے رائے پور سے بتایا کہ ان کی اہلیہ ، دو بچے اور ایک بھتیجہ محفوظ ہیں جو کہ حملہ کے وقت مکان میں موجود تھے۔ مسٹر پوار 1998-2003 میں اننت گیری اسمبلی حلقہ سے کانگریس کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے تھے اور گزشتہ سال اگسٹ کے انتخابات میں لمحہ آخر میں مقابلہ سے دستبردار ہوجانے پر کانگریس سے خارج کردیا گیا تھا۔