ٹی آر ایس سے پیشکش پر غور کا اعلان ، کانگریس کی ذمہ داریوں سے سبکدوشی کی خواہش
حیدرآباد ۔ 22 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کانگریس کی سابق رکن اسمبلی و فلم اسٹار مسز جیہ سدھا سے سخت ناراض ہیں ۔ پارٹی قائدین انہیں پارٹی سے معطل کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں ۔ جیہ سدھا نے کہا کہ اگر ٹی آر ایس سے پیشکش وصول ہوتی ہے تو وہ اس پر غور کریں گی ۔ سابق چیف منسٹر ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی کی ایماء پر سیاست میں قدم رکھنے والی فلم اداکارہ مسز جیہ سدھا 2009 کے عام انتخابات میں اسمبلی حلقہ سکندرآباد سے کانگریس کے ٹکٹ پر منتخب ہوئی تھیں ۔ 2014 کے عام انتخابات میں انہیں شکست ہوئی ۔ تب سے انہوں کانگریس کی سرگرمیوں سے اپنے آپ کو دور رکھا ہے ۔ کل قائد اپوزیشن مسٹر کے جانا ریڈی نے سکندرآباد اسمبلی حلقہ کانگریس کارکنوں کااجلاس طلب کیا ۔ اسمبلی حلقہ کی انچارج ہونے کے باوجود مسز جیہ سدھا نے اجلاس میں شرکت نہیں کی ۔ آج بھی ایک اجلاس تھا جس میں شرکت کرنے کے بجائے وہ اپنے فرزند کو تلگو فلم انڈسٹری میں متعارف کرانے کے پروگرام میں مصروف تھیں جس میں چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ مہمان خصوصی شریک تھے ۔ مقامی کانگریس قائدین نے انہیں فوری پارٹی سے معطل کرکے ان کے بجائے کسی دوسرے قائد کو سکندرآباد اسمبلی حلقہ کا انچارج بنانے کا صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی سے مطالبہ کیا ہے جب اس سلسلے میں مسز جیہ سدھا سے بات چیت کی گئی تو انہوں نے کہا کہ وہ بہت پہلے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی سے کہہ چکی ہیں کہ انہیں اسمبلی حلقہ انچارج کی ذمہ داریوں سے دستبردار کردیا جائے کیوں کہ اسمبلی حلقہ سکندرآباد میں کئی انچارجس ہیں ٹی آر ایس میں شمولیت کے تعلق سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فی الحال ان کا ابھی ایسا کوئی ارادہ نہیں ہے ۔ اگر ٹی آر ایس پارٹی ان سے ربط پیدا کرتی ہے اور پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کی دعوت دیتی ہے تو وہ اس پر سنجیدگی سے غور کریں گی ۔۔