نئی دہلی ۔ 27جولائی ( سیاست ڈاٹ کام) ایک حکومتی بینک کے برطرف منیجر کو تقریباً دو دہے قبل جعلی کھاتے کھولنے کے جرم میں تین سال سزائے قید سنائی گئی ہے ۔ جب کہ خصوصی عدالت نے کہا کہ کرپشن کو ہرگز برداشت نہیں کرنا ہوگا ۔ عدالت نے 64سالہ اشوک پسریجا کو مجرم قرار دے کر سزا سنائی ۔ وہ برطرفی سے قبل مشرقی دہلی کی راج گڑھ کالونی میں اورینٹل بینک آف کامرس کے منیجر تھے ۔ عدالت نے ملزم کو دھوکہ دہی کا مجرم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے معاملہ میں سخت سزا دینا چاہیئے تاکہ قانون انسداد بدعنوانی محض کاغذی شیر بن کر نہ رہ جائے ۔ خصوصی سی بی آئی جج کامینی لوو نے کہا کہ کرپشن کو سمجھنے کے معاملہ میں کوئی جھگڑا نہیں ہے اور اسے ہرگز برداشت نہیں کیا جانا چاہیئے ۔ انہوں نے کہا کہ فاضل عدالت نے بھی یہی موقف ظاہر کیا ہے کہ کرپشن قوم کا دشمن ہے اور بدعنوان عوامی خدمات گذاروں کا پتہ چلاکر انہیں سزا دینا قانون انسداد بدعنوانی کا اصل کام ہے ۔
فلم ’اندو سرکار‘کو ریلیز کی منظوری
نئی دہلی، 27 جولائی (سیاست ڈساٹ کام ) سپریم کورٹ نے ایمرجنسی کے دور پر بنی ڈائریکٹر مدھر بھنڈارکر کی ہندی فلم ’اند و سرکار‘کو ریلیز نہ کئے جانے کی درخواست آج خارج کر دی۔ کانگریس کے آنجہانی لیڈر سنجے گاندھی کی بیٹی ہونے کا دعویٰ کرنے والی پریہ سنگھ پال نے فلم ریلیز نہ کرنے کی درخواست دائر کی تھی۔ عدالت نے عرضی کو خارج کرتے ہوئے فلم کی ریلیز کو منظوری دے دی۔