سابق اسرائیلی وزیراعظم ایرل شیرون کی حالت نازک

لندن ۔ 4 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) اسرائیل کے سابق وزیراعظم ایرل شیرون کی جو گزشتہ 8 سال سے کوما میں ہیں حالت بگڑ گئی ہے، گارڈین نے یہ خبر دیتے ہوئے لکھا ہے کہ ان کے ڈاکٹر ٹیل ہاشومر ہسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر زیف روٹسٹن کا کہنا ہے کہ گزشتہ 2 روز کے دوران ان کی حالت مزید بگڑ گئی ہے اور ان کے گردوں سمیت کئی اہم اعضا نے کام کرنا بند کردیا ہے، ان کی حالت نازک ہے اور جان خطرے میں ہے، حالیہ ہفتوں کے دوران انفیکشن ختم کرنے کیلئے ان کو جو اینٹی بایوٹک ادویات دی گئیں ان کی وجہ سے ان کی حالت مزید بگڑ گئی ان کے دونوں بیٹے گیلاڈ اور اومری اور ان کے دیگر قریبی رشتہ دار ان کے پاس موجود ہیں کیونکہ ڈاکٹروں نے بتادیاہے کہ اگلے چند گھنٹوں میں ان کی موت واقع ہوسکتی ہے۔ 85 سالہ شیرون پر 4 جنوری2006 کو فالج کا خوفناک حملہ ہوا تھا۔

برطانیہ میں سیلاب
لندن ۔ 4 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) برطانیہ میں اونچی سمندری لہروں، موسلادھار بارش اور ہوا کے طوفانی جھکڑوں کے باعث ملک کے مختلف حصوں میں مزید سیلاب کا اندیشہ ہے۔ برطانیہ اور شمالی آئرلینڈ بھر میں ’’استثنائی‘‘ موسم کی توقع ہے جس کے نتیجے میں سیلاب کے خدشات بہت بڑھ گئے ہیں جبکہ 30 فٹ اونچی سمندری لہروں کے باعث ساحلی ٹاؤنز اور ویلیجس کو سخت خطرات لاحق ہوگئے۔