سابقہ ڈی ایس سی منتخبہ امیدواروں سے انصاف

احکامات تقررات جلد جاری کرنے کڈیم سری ہری کا تیقن
حیدرآباد۔/27جنوری، ( سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ اساتذہ کے تقررات کیلئے سابق میں منعقدہ ڈی ایس سی کے منتخبہ اہل امیدواروں کے ساتھ مکمل انصاف کرے گی اور مزید اساتذہ کے تقررات عمل میں لانے کیلئے ڈی ایس سی کے انعقاد سے متعلق اعلامیہ بہت جلد جاری کیا جائے گا۔ آج شام سکریٹریٹ میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر (اُمور تعلیم ) مسٹر کے سری ہری نے اس بات کا انکشاف کیا اور بتایا کہ سابقہ حکومتوں میں منعقدہ ڈی ایس سیز میں بعض اہل امیدواروں کے ساتھ ناانصافیاں کی گئی تھیں جس کے باعث آج تک انہیں ملازمتیں فراہم نہیں ہوسکیں۔ لہذا حکومت تلنگانہ اب ایسے تمام امیدواروں کے ساتھ مکمل انصاف کرکے احکامات تقررات جاری کرے گی اور ان تقررات کی تکمیل کے بعد ہی ڈی ایس سی کیلئے اعلامیہ جاری کرے گی۔ مسٹر کے سری ہری نے مزید بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں واقع یونیورسٹیوں کیلئے وائس چانسلروں کے مخلوعہ عہدوں پر تقررات کیلئے انتخابی عمل کا آغاز کردیا گیا ہے اور بہت جلد نئے وائس چانسلروں کے تقررات کا اعلان کردیا جائے گا۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے مزید کہا کہ آئندہ ماہ ریاست تلنگانہ میں وزیر اعظم مسٹر نریندر مودی کے ہاتھوں قبائیلی یونیورسٹی، کالوجی تلنگانہ ہیلت یونیورسٹی ورنگل میں ٹیکسائیل پارک کا سنگ بنیاد رکھوانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن انتخابات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے حکومت پر کی جانے والی تنقیدوں کا منہ توڑ جواب گریٹر حیدرآباد میونسپل انتخابات کے نتائج سے حاصل ہوجائے گا۔