وارانسی 25 جون (سیاست ڈاٹ کام) وارانسی میں سائی بابا کے عقیدت مندوں نے دوارکا پیٹھ شنکر آچاریہ سوامی سواروپانند کے خلاف زبردست احتجاج منظم کیا جنھوں نے یہ بیان دے کر ایک تنازعہ پیدا کردیاکہ سائی بابا ایک انسان تھے لہذا اُن کی پرستش نہیں کرنی چاہئے۔ سواروپانند نے یہ بھی کہاکہ سائی بابا کی پرستش کرنا دراصل ہندو طبقہ کو منقسم کرنے کی سازش ہے اور سائی بابا کے نام پر لوگ خوب پیسہ کمارہے ہیں۔ احتجاجیوں نے سواروپانند کا پتلا بھی نذر آتش کیا اور اُن کے خلاف نعرہ بازی کی۔ اُن کا کہنا ہے کہ سواروپانند نے جو کچھ بھی کہا وہ انتہائی قابل اعتراض اور سائی بابا کے عقیدت مندوں کے جذبات کو مجروح کرنے والا بیان ہے اور احتجاج کا سلسلہ اُس وقت تک جاری رہے گا جب تک سوامی جی اپنا بیان واپس لے کر معذرت خواہی نہیں کرلیتے۔ دریں اثناء سوامی سواروپانند نے کہاکہ وہ آج بھی اپنے بیان پر قائم ہیں اور انتباہ دیا کہ اُن سے عقیدت رکھنے والے اُن افراد کو زبردست سبق سکھائیں گے جو اُن کے (سوامی سواروپانند) خلاف احتجاج کررہے ہیں۔