سائن بورڈس کو روشنیاں بند کرنے کے احکام پر سرکاری عہدیداروں کا عمل سے گریز

شہر کے اہم شاہراہوں پر ہورڈنگس روشنی سے منور، برقی بچت کیلئے بلدیہ کے اقدامات اکارت ثابت
حیدرآباد 27 نومبر (سیاست نیوز) کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے شہر میں برقی بچت کے اقدامات کے طور پر رات 10 بجے سائن بورڈس کی روشنیاں بند کرنے کے احکامات جاری کئے گئے تھے لیکن ان احکامات پر خود سرکاری محکمہ کے عہدیدار عمل آوری نہیں کرپارہے ہیں۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کی کئی سڑکوں بالخصوص جوبلی ہلز، بنجارہ ہلز، پنجہ گٹہ، مہدی پٹنم، ٹولی چوکی، افضل گنج، چارمینار، شاہ علی بنڈہ، ملک پیٹ کے علاوہ دیگر اہم سڑکوں پر بھی رات دیر گئے تک سائن بورڈس اور ہورڈنگس کی روشنیاں جوں کی توں کھلی رہتی ہیں۔ اتنا ہی نہیں بلکہ دونوں شہروں کی اسٹریٹ لائٹس کے متعلق بھی متعدد شکایات کے باوجود انھیں وقت پر بند کرنے کے کوئی اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں جس کے سبب بے فیض برقی ضائع ہورہی ہے۔ محکمہ برقی کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اسٹریٹ لائٹس کے کھولنے اور بند کرنے کے اوقات کار متعین کئے جاچکے ہیں لیکن اس کے باوجود اس پر عمل آوری نہ ہونے کی بنیادی وجہ عملہ کی کمی ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ برقی بچت کے لئے جی ایچ ایم سی کی جانب سے اسٹریٹ لائٹس کیلئے خودکار نظام متعارف کروانے کے متعلق غور کیا جارہا ہے۔ چند ماہ قبل جی ایچ ایم سی نے ایل ای ڈی اسٹریٹ لائٹس کا منصوبہ تیار کیا تھا جسے اسٹانڈنگ کمیٹی کی جانب سے منظوری حاصل نہیں ہوئی اور یہ منصوبہ جوں کا توں ہے۔ لیکن مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے اگر اسٹریٹ لائٹس کو وقت پر کھولنے اور بند کرنے کا نظام متعارف کروایا جاتا ہے تو ایسی صورت میں دونوں شہروں کی کئی اہم سڑکوں پر دن کے اوقات میں کھلی رہنے والی اسٹریٹ لائٹس سے ہزاروں یونٹس برقی بچت یقینی بنائی جاسکتی ہے۔ عوام کی رائے ہے کہ برقی بچت کے لئے عوام کو دشواریوں میں مبتلا کرنے کے بجائے سرکاری محکمہ جات بالخصوص محکمہ برقی اور بلدیہ کی جانب سے برقی بچت کے اقدامات کئے جاتے ہیں تو ایسی صورت میں عوام کو راحت حاصل ہوسکتی ہے۔ دونوں شہروں کی کئی اہم سڑکوں پر موجود ہورڈنگس پر رات کے اوقات استعمال ہونے والے ہائی وولٹیج کے بلبس کے علاوہ اگر ہائی ماسٹ لائٹس دن کے اوقات میں بند رکھے جائیں تو کئی گنا برقی بچت کی جاسکتی ہے۔ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے جاریہ ماہ کے ابتدائی ایام میں شہریوں اور تشہیری ایجنسیوں سے رات 10 بجے کے بعد برقی کے استعمال میں تخفیف بالخصوص ہورڈنگس کی لائٹس بند کرنے کی اپیل کی تھی لیکن اس کے کوئی مثبت اثرات ہوتے نظر نہیں آرہے ہیں۔