حیدرآباد ۔ 3 ۔ مئی : ( پریس نوٹ ) : سائنسی علوم کی کتابوں کے ترجمے میں سائنسی اصطلاحات اور نظریات کو جوں کا توں رکھا جائے گا تاکہ یونیورسٹی سے فارغ طلبہ اپنی اعلیٰ تعلیم ملک یا بیرون ملک کسی بھی یونیورسٹی سے بہ آسانی حاصل کریں ۔ یونیورسٹی میں جلد از جلد تمام کورسز کے نصابی کتابوں کا اردو ترجمہ ہوجائے گا ۔ کورسز کے نصابی مواد کی تیاری کے بعد ہی نئے کورسز کا آغاز ہوگا ۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر محمد اسلم پرویز ، وائس چانسلر نے مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں آج انڈر گریجویٹ سائنس لیبارٹریز ( طبیعیات ، کیمیا ، نباتیات ، حیوانیات اور ریاضی ) کے افتتاح کے موقع پر کیا ۔ انہوں نے لیابس کے افتتاح پر تمام اساتذہ کو مبارکباد دی ۔ انہوں نے پروگرام کے آغاز پر قرات کلام پاک کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید اور سائنس کا گہرا تعلق ہے ۔ انہوں نے سائنس کو معرف الہیٰ کا بہترین ذریعہ قرار دیا ۔۔