نئی دہلی 22 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی کے مسائل کا ایجادات کے ذریعہ حل تلاش کرنے کے لئے آئی آئی ٹیز سے متحد ہوجانے کی اپیل کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہاکہ انھیں ایسی مصنوعات تیار کرنے کا چیلنج قبول کرنا چاہئے جن کے لئے ہندوستان مکمل طور پر درآمدات پر انحصار کررہا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ سائنس عالمگیر ہے لیکن ٹیکنالوجی مقامی ہونا چاہئے۔ اُنھوں نے آئی آئی ٹیز سے اپیل کی کہ وہ ملک کے عوام کے معیار زندگی میں ’’مثبت تبدیلی‘‘ پیدا کریں۔ اُنھوں نے دفاع اور صحت کے شعبہ کے آلات اور صیانت سے متعلق حساس عطیہ جیسے کرنسی کی سیاہی اور آنسو گیس کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ ملک اِن اشیاء کے لئے درآمدات پر منحصر ہے۔ اُنھوں نے اعتماد ظاہر کیاکہ ہندوستان کے پاس ایسی اشیاء اندرون ملک تیارکرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ یہ یقین کرنے سے انکار کرتے ہیں کہ ہندوستان کے پاس ایسی اشیاء تیار کرنے کی صلاحیت موجود نہیں ہے۔ وزیراعظم نے آئی آئی ٹیز سے خواہش کی کہ وہ ایسے چیالنجوں کو قبول کریں۔ وہ آئی آئی ٹیز کے گورنرس اور ڈائرکٹرس کے بورڈس کے صدورنشین کی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے جو صدرجمہوریہ پرنب مکرجی کی زیرصدارت راشٹراپتی بھون میں منعقد کی گئی تھی۔ اُنھوں نے صدورنشین سے خواہش کی کہ وہ ایسی مصنوعات تیار کریں جو فوری طور پر عام آدمی کی روز مرہ زندگیوں میں پیدا ہونے والے مسائل کو ایجادات کے ذریعہ حل کرسکیں۔ اُنھوں نے آئی آئی ٹیز سے خواہش کی کہ وہ قریبی انجینئرنگ کالجس سے ربط پیدا کریں اور خواہش کریں کہ وہ نگرانکار کا کردار ادا کریں اور عوام کی جانب سے ایجادات کرنے کے مواقع تلاش کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ آئی آئی ٹیز کے طلبہ ایک عظیم طاقت ہیں۔ آئی آئی ٹیز کو چاہئے کہ سابق طلبہ کے باہم تبادلہ خیال کی حوصلہ افزائی کرے۔ انھیں اپنے تجربات اور صلاحیتوں سے طلبہ کو واقف کروانا چاہئے تاکہ منظم انداز میں لائحہ عمل تیار کیا جاسکے اور اُن کے تجربات سے اعظم ترین استفادہ کیا جاسکے۔
اُنھوں نے طلبہ سے خواہش کی کہ وہ ٹیکنالوجی کے ذریعہ تمام افراد کے تصورات کی تکمیل کرنے میں اپنا حصہ ادا کریں۔ اِس سے ملک کی معاشی ترقی ممکن ہوسکے گی اور ماحولیات دوست عمارتیں اور مکانات تعمیر کئے جاسکیں گے۔ نریندر مودی نے طلبہ سے خواہش کی کہ وہ ہندوستانی ریلویز کے لئے صارف دوست ایجادات کریں۔ وزیراعظم نے ذہین نوجوانوں سے جو آئی آئی ٹی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھتے ہیں، کہاکہ وہ قوم کی خدمت کے جذبہ کے ساتھ آگے آئیں۔ اُنھوں نے کہاکہ طلبہ کا انداز فکر اور طرز زندگی جب تک تبدیل نہ ہو آئی آئی ٹیز کیسے عوام کی توقعات کو پورا کرسکیں گے۔ اُنھوں نے صدرجمہوریہ کے تعلیمات کے شعبہ میں اقدامات کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ اُن کی رہنمائی سے پورے ملک اور آئندہ نسلوں کا فائدہ ہوگا۔ وزیراعظم نے کہاکہ عالمی درجہ حاصل کرنے کی اہمیت ہے، ہمیں چاہئے کہ ہم دنیا میں اپنا مقام بنانے کی کوشش کریں۔