سائبر آباد میں ماہ اگست سے ’ کار سے عاری جمعرات ‘ کا اہتمام

دیگر ذرائع نقل و حمل کا استعمال ، زائد بسیں چلائی جائیں گی : ٹرانسپورٹ کمشنر
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جولائی : ( ایجنسیز ) : شہر میں ہر جمعرات کو زائد بسیں چلائی جائیں گی کیوں کہ سائبر آباد 6 اگست سے سائبر آباد میں ’’ کار سے عاری جمعرات ‘‘ کا اہتمام کرے گا ۔ اس مہم کے آغاز سے ہر جمعرات کو ’ کارفری ‘ دن رکھتے ہوئے مصروف اوقات میں موجودہ 370 بسوں کے علاوہ 62 اضافی بسیں چلائی جائیں گی ۔ خصوصی روٹس پر ہائسیا (Hysea) کی جانب سے اس مہم کو متعارف کیا جائے گا ۔ اس مہم کا نشانہ وہ 25 فیصد آئی ٹی پروفیشنلس ہیں جو کاریں استعمال کرتے ہیں ۔ اس اقدام کو کار پولنگ کی تائید میں کام کررہی این جی اوز کی تائید حاصل ہے ۔ اس کا مقصد سڑکوں پر موٹروں کی تعداد میں تخفیف لانا ہے ۔ اس سے پارکنگ کا مسئلہ حل ہونے کے ساتھ ساتھ آلودگی میں کمی واقع ہوگی ۔ اس مہم میں حصہ لینے والے کو نقل و حمل کے دیگر ذرائع یعنی لوکل ٹرینیں ، بسیں یا سائیکلس کا استعمال کرنا ہے ۔ ہائسیا مہم کی تائید سائبرآباد سیکوریٹی کونسل ، محکمہ آئی ٹی ، محکمہ ٹرانسپورٹ ، آئی ٹی انڈسٹری اسوسی ایشنس ، ٹی ایس آر ٹی سی ، کار پولنگ کمپنیوں اور این جی اوز جیسے ایکٹ کارپول ، زیفٹی ، اتفان ، ایمبرک انڈیا ، آئیڈنٹ سٹی وغیرہ نے بھی کی ہے ۔ اس طرح شہر میں آلودگی سے پاک نقل و حمل کی راہ ہموار ہوگی ۔ ٹرانسپورٹ کمشنر سندیپ کمار سلطانیہ نے شہر میں پریس کانفرنس میں کہا کہ حیدرآباد میں آٹو موبائیل پالیوشن ہے اور ہم گروپ کے اتفاق سے اس کانسپٹ کے لیے رواں دواں ہیں ۔ تاہم متبادل ذرائع حمل و نقل کو یقینی بنایا جائے ۔ بروقت اضافی بسیں چلائی جائیں ۔ حقیقتاً یہ آئیڈیا عوام کی جانب سے ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے اختیار کیا گیا ہے ۔ ویب سائٹ بنام Car Free Thursday اور کار فری تھرسڈے کا لوگو اس مہم کو فروغ دینے اور بیداری لانے کی خاطر متعارف کیا گیا ہے ۔۔