حیدرآباد، یکم جولائی (یو این آئی) ساوتھ سنٹرل ریلوے ریاستی دارالحکومت حیدرآباد کے دونوں طرف سٹلائیٹ ٹرمنلس کے قیام کا منصوبہ رکھتا ہے ۔چرلہ پلی کے مشرق اور ناگولاپلی کے مغربی سمت یہ اضافی ٹرمنلس قائم کئے جائیں گے ۔مرکزی حکومت نے 80کروڑروپئے کے تخمینی مصارف سے چرلہ پلی ٹرمنل کو منظوری دی ہے ۔یہ منظوری سال 2017-18کے بجٹ میں دی گئی ہے ، ساتھ ہی ناگولاپلی ٹرمنل کو منظوری کا کام ابھی کیا جارہا ہے ۔ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے جنرل منیجر ونود کمار یادو کے مطابق چرلہ پلی ٹرمنل کو ہری جھنڈی دکھادی گئی ہے کیونکہ ریلوے کے پاس خود کی 50ایکڑاراضی دستیاب ہے ۔مزید 100ایکڑ اراضی کے حصول کی کوششیں کی جارہی ہیں۔اس سلسلہ میں ریاستی حکومت سے بات کی جارہی ہے ۔ریلوے بورڈ کے ساتھ بھی اس مسئلہ کو اٹھایا گیا ہے ۔ریاستی چیف سکریٹری نے بھی اس سلسلہ میں عنقریب میٹنگ طلب کرنے سے اتفاق کر لیاہے ۔
جی ایس ٹی کے نفاذ سے پہلے سستے دام پر شاپنگ کا آفر
عوام کے ہاتھوں فلیکسی بورڈز کو نقصان
حیدرآباد، یکم جولائی(یواین آئی)جی ایس ٹی کے نفاذ سے پہلے ایک شاپنگ مال کی جانب سے دیاگیا بمپر آفر اُلٹا پڑگیاکیونکہ عوام کی بڑی تعداد نے وہاں پہنچ کر برہمی ظاہر کی۔ تفصیلات کے مطابق آندھراپردیش کے وشاکھاپٹنم میں کل رات جی ایس ٹی کے نفاذ سے پہلے اشیا کو سستے دام پر فروخت کرنے کا ایس ایم ایس عوام کو دیا گیا جس پر عوام کی بڑی تعداد اس شاپنگ مال پر پہنچ گئی۔عوام کی کثیرتعداد کو دیکھ کر شاپنگ مال کے ذمہ داروں نے اپنے شٹرس بند کردئیے جس پر عوام نے ذمہ داروں پر برہمی کا اظہار کیا او روہاں اس پیشکش کے سلسلہ میں لگائے گئے فلیکسی بورڈز کو نقصان پہنچایا۔ عوام کے بے قابو ہجوم کو دیکھتے ہوئے پولیس وہاں پہنچی جس نے لوگوں کو سمجھانے کی کوشش کی ۔بعد ازاں پولیس نے عوام کو منتشر کرتے ہوئے صورتحال پر قابو پایا۔