: ساؤتھ ایشین گیمز : پاکستانی وفد کو سفری دستاویزات جاری نہیں ہوئے

لاہور ، 2 فبروری (سیاست ڈاٹ کام)حکومت پاکستان نے ہندوستان میں منعقد شدنی ساؤتھ ایشین گیمس میں جو 5 فبروری کو شروع ہورہے ہیں ، پاکستانی جتھے کی شرکت کی منظوری دیدی ہے ۔ تاہم ابھی تک ہندوستان کی جانب سے پاکستانی اتھلیٹس کیلئے سفری دستاویزات جاری نہیں کئے گئے ہیں۔ ڈائرکٹر جنرل پاکستان اسپورٹس بورڈ اختر جنجیرانے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ حکومت نے جتھہ کو ہندوستان جانے کی اجازت دیدی ہے جہاں پاکستانی اتھلیٹس فیلڈ ہاکی کے بشمول لگ بھگ 22 کھیلوں میں حصہ لیں گے ۔ یہ گیمس 5 تا 16 فبروری گوہاٹی اور شیلانگ میں منعقد کئے جارہے ہیں ۔ اختر نے کہاکہ ان گیمس کے دوران پاکستانی جتھہ کیلئے سکیورٹی کے معاملے میں کوئی مفاہمت نہیں کی جائے گی اور انڈین اولمپک اسوسی ایشن نے انھیں اس ضمن میں اعلیٰ معیاری انتظامات کا یقین دلایا ہے ۔ انھوں نے کہاکہ ہم وہاں مسابقت کرنے اور جیتنے کی کوشش کیلئے جارہے ہیں اور ساتھ ہی ہندوستان کے ساتھ بہتر تعلقات استوار کرنا بھی مطلوب ہے۔ دریں اثناء پندرہ رکنی اسکواڈ میں نو اتھلیٹس بھی شامل ہیں جو اب تک ایکرڈیشن کارڈ کا انتظار کررہے ہیں ۔ تاخیر کے باعث وفد کی ہندوستان روانگی مشکلات کا شکار دکھائی دے رہی ہے۔ پاکستان اولمپک اسوسی ایشن کے سکریٹری خالدمحمود کا کہناہے کہ ساؤتھ ایشین گیمز کی آرگنائزنگ کمیٹی کو خط لکھ کر تمام تر صورتحال سے آگاہ کردیاگیا ہے،وہاں سے یقین دلایا گیا ہے کہ جلد ہی ایکریڈیشن کارڈز جاری کردیئے جائیں گے۔