زیڈ پی ٹی سی و ایم پی ٹی سی انتخابات

آج دوسرے مرحلہ کی رائے دہی : انتظامات مکمل

حیدرآباد ۔ /10 اپریل (سیاست نیوز) ریاست میں دوسرے مرحلہ کے تحت زیڈ پی ٹی سیز اور ایم پی ٹی سیز کیلئے کل /11 اپریل کو پولنگ کیلئے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسٹر پی رما کانت ریڈی کمشنر ریاستی الیکشن کمیشن نے بتایا کہ دوسرے مرحلہ کے تحت جملہ (536) زیڈ پی ٹی سیز اور (7975) ایم پی ٹی سیز حلقوں کیلئے رائے دہی ہوگی ۔ جملہ (27.278) مراکز رائے دہی قائم کئے ہیں جبکہ (6057) حساس علاقہ جات اور (6463) انتہائی حساس علاقہ جات کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ علاوہ ازیں (558) انتہاپسند سرگرمیوں سے متاثر ہ علاقہ جات بھی ہیں ۔ ان علاقوں میں پولیس کے صیانتی انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ حساس و مراکز رائے دہی کے پاس ویب کاسٹنگ انتظامات کئے گئے ہیں او ر رائے دہندوں کو سیدھے ہاتھ کی شہادت کی انگل پر نشان لگانے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ بوگس رائے دہی کا انسداد کیا جاسکے ۔ انہوں نے بتایا کہ ان انتخابات کیلئے جملہ (1,31,366) ملازمین کو انتخابی ڈیوٹیوں کیلئے تعینات کیا گیا ہے اور زائداز (95) ہزار پولیس ملازمین کے ساتھ صیانتی انتظامات کئے گئے ہیں ۔ مرکزی فورسیس کی (20) کمپنیاں ‘(175) پلاٹونس کو طلب کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رائے دہی کے اوقات صبح 7 بجے تا 5 بجے شام ہوں گے ۔مسٹر رماکانت ریڈی نے بتایا کہ ان انتخابی نتائج کا لوک سبھا و اسمبلی انتخابات کے پیش نظر /10 مئی کے بعد ہی اعلان کیا جائیگا ۔