زیر دریافت قیدیوں کی رہائی کے احکام :سپریم کورٹ

نئی دہلی5ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) سپریم کورٹ نے آج ایسے تمام زیر دریافت قیدیوں کی رہائی کا حکم دیا جنہوں نے اُن پر عائد جرائم کی مجوزہ اعظم ترین سزائے قید کی نصف مدت قید خانے میں گذار دی ہو۔ اس طرح غریب آدمیوں کو انتہائی ضروری راحت حاصل ہوئی جو اس لئے جیلوں میں قید ہیں کیونکہ وہ ضمانت کی رقم یا ضمانت پر رہائی کا شخصی مچلکہ داخل کرنے سے قاصر تھے۔قیدیوں کی 60 فیصد تعداد زیر دریافت قیدی ہونے پر فکر مندی ظاہر کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے عدالت کے نچلی سطح کے عہدیداروں کو ہر قید خانے کا دورہ کرنے کی ہدایت دی جو ان کے دائرہ کار میںشامل ہو اور پتہ چلانے کا حکم دیا کہ ایسے کتنے قیدی ہیں جو اپنی مجوزہ اعظم ترین سزا کی نصف مدت قید میں گذار چکے ہیں اور انہیں فوری رہا کرنے کی ہدایت دی۔ یہ دورہ یکم اکٹوبر سے شروع ہوں گے ۔ کام کی تکمیل کیلئے سپریم کورٹ نے دو ماہ کی مدت مقرر کی ہے ۔ عدالتی عہدیدار (مجسٹریٹ/ سیشن جج / اسپیشل چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ ) ایسے قیدیوں کی نشاندہی کریں گے جن پر عائد الزامات کیلئے مجوزہ اعظم ترین سزائے قید کی نصف مدت جیل میںگذارچکے ہوں۔