زیر التوا مقدمات کا جائزہ لینے ویجلنس کمیشن کا پیانل چھ ارکان شامل ۔ بدعنوان عہدیداروں کیخلاف جانچ ہوگی

نئی دہلی 3 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) سنٹرل ویجلنس کمیشن نے ماہرین کا ایک چھ رکنی پیانل تشکیل دیا ہے تاکہ زیر التوا مقدمات کا جائزہ لیا جائے جو اسے سی بی آئی نے استغاثہ کارروائی کیلئے پیش کئے ہیں۔ یہ مقدمات بدعنوان سرکاری عہدیداروں کے خلاف ہیں۔ سنٹرل ویجیلنس کمیشن اپنے دائرہ کار میں آنے والے سرکاری عہدیداروں کے خلاف کارروائی کی سی بی آئی کی جانب سے اجازت طلب کئے جانے پر اپنی رائے دیتا ہے ۔ اس چھ رکنی ماہرین کی کمیٹی میں ریٹائرڈ آئی اے ایس عہدیدار سدھیر کرشنا اور سی بی پالی وال کے علاوہ سابق آئی آر ایس عہدیدار سدا شیو باجپائی ‘ سابق آڈٹ اینڈ اکاؤنٹ سرویس عہدیدار سشما وی دابک ‘ سابق اسپیشل ڈی جی سی پی ڈبلیو ڈی پی کے گپتا اور سابق صدر نشین ایل آئی سی اے کے شکلا بھی شامل ہیں۔ اس سلسلہ میں کمیشن کی جانب سے احکام جاری کردئے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ یہ کمیٹی مقدمات کی نوعیت کو دیکھ کر ان کا تفصیلی جائزہ لے گی اور درکار مقدمات میں عہدیداروں کیخلاف کارروائی سے متعلق مشورے دیئے جائیں گے ۔