زہریلے بیج کھاکر بچے اور خواتین بیمار

کوٹہ ۔ 2 ۔ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کم و بیش 90 افراد نے بادام کے دھوکے میں زہریلے بیج کھالئے جن میں 63 بچے بھی شامل ہیں جس کے بعد ان کی حالت خراب ہونے کی اطلاع ہے ۔ دریں اثناء پرنسپل میڈیکل کالج ، کوٹہ مسٹر آر کے آسیری نے کہا کہ 63 بچے اور 25 خواتین کو گزشتہ شب پیٹ میں شدید درد کے باعث ہاسپٹل میں شریک کیا گیا ۔ تمام لوگ قئے بھی کر رہے تھے ۔

ایک شادی کی تقریب میں انہوں نے رتن جوت (زہریلے بیج) یہ سمجھ کر کھالئے کہ وہ بادام ہیں۔ دراصل بچے اس علاقہ میں کھیل رہے تھے اور انہوں نے درخت پر لگے رتن جوت توڑلئے اور مزے سے کھانے لگے ، یہی نہیں بلکہ بچوں نے شادی میں شرکت کرنے والی خواتین کو بھی وہ زہریلے بیج پیش کئے لیکن کھانے والے تمام افراد بیمار پڑگئے اور انہیں فوری طور پر سرکاری ہاسپٹل لے جایا گیا جبکہ کچھ لوگ خانگی ہاسپٹلس سے بھی رجوع ہوئے ہیں ۔ مسٹر آسیری نے بتایا کہ کئی طریقوں کو کل شب ہی علاج کے بعد ڈسچارج کردیا گیا جبکہ مابقی مریضوں کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے ۔