لکھنو۔3مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) زکوٰۃ فاؤنڈیشن کی رہنمائی کی بدولت اس سال 26مسلمانوں نے سیول سرویس امتحان پاس کیا ۔اس فاؤنڈیشن کی بدولت 2009ء میں ریاست جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے مسٹر شاہ فیصل نے سارے ملک میں ٹاپر رہے اور اس سال 51اقلیتی امیدواروں کو فاؤنڈیشن نے تربیت دی ۔ کامیاب 26 امیدواروں میں 9 کا تعلق اترپردیش ‘ 8 کا کیرالا ‘ 3کا جموں و کشمیر اور دو کا تعلق بہارا اور مہاراشٹرا اور گجرات اور کرناٹک سے ایک ایک امیدوار کا انتخاب عمل میں آیا ۔ فاؤنڈیشن چیرمین ظفر محمود نے فون پر دہلی سے بتایا کہ زکوٰۃ فاؤنڈیشن کی جانب سے چلائے جارہے سرسید کوچنگ اینڈ گائیڈنس سنٹر 2008ء سے اقلیتوں کو ملک میں سب سے سخت مسابقتی امتحانات یونین پبلک سرویس کمیشن کی کوچنگ دیتا آرہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کی شروعات سچر کمیٹی کی رپورٹ کے بعد جس میں مسلمانوں کی پسمادنگی کی ایک اہم وجہ حکومت میں مسلمانوں کی عدم دستیابی بتایا گیا تھا ‘شروعات کی گئی ۔ حکومتی فیصلہ سازی اداروں میں 90فیصد سیول سرونٹ کا دخل ہوتا ہے ۔ مسٹر محمود نے بتایا کہ مسلمانوں آئی اے ایس کی تربیت دی جائے ۔ ذہین ترین طلبہ کو سارے ملک سے ایک اورینٹیشن ٹسٹ کے ذریعہ منتخب کیا جاتا ہے اور اس کے بعد ان کو بہترین ٹریننگ دی جاتی ہے اور ان پر نگرانی رکھی جاتی ہے ۔