حیدرآباد۔ 11 اپریل (سیاست نیوز) حیدرآبادیوں کے علاوہ ریاست تلنگانہ کے کئی اضلاع سے آنے والے عوام کو نہرو زوالوجیکل پارک جسے عام زبان میں زوپارک کہا جاتا ہے تفریح کا ایک بہترین مقام ہے لیکن تفریح کے لئے زوپارک کا رخ کرنے والوں کے لئے ایک بری خبر یہ ہے کہ اس کے داخلے کی ٹکٹوں سے لیکر ہر ٹکٹ کی قیمت میں جمعہ سے اضافہ کر دیا گیا ہے۔گرمائی تعطیلات میں زوپارک میں تفریح کی غرض سے پہنچنے والے افراد کی کثیر تعداد ہوتی ہے لیکن اب ان پر مزید مالی بوجھ پڑنے والا ہے جیسا کہ داخلہ ٹکٹ کے علاوہ زوپارک کے اندر چلنے والی برقی گاڑیوں، سفاری پارک اور ٹرین کے کرایہ میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ اس وقت داخلہ فیس بڑوں کے لئے 40 روپے اور بچوں کے لئے 20 روپے ہے لیکن اب یہ قیمت عام دنوں میں بڑوں کے لئے 50 روپے اور بچوں کے لئے 30 روپے کر دی گئی ہے۔اس کے علاوہ ہفتے کے آخری دنوں جیسے ہفتہ اور اتوار کے علاوہ عوامی تعطیلات میں یہ داخلہ ٹکٹ کی فیس بڑوں کے لئے 60 روپے اور بچوں کے لئے 40 روپے کر دی گئی ہے۔اسی طرح برقی سے چلنے والی گاڑیوں کے کرایوں میں بھی عام دنوں میں بڑوں کے لئے 70 روپیے اور ہفتے کے آخری ایام یا تعطیلات میں 80 روپے کر دیا گیا ہے۔ بچوں کے لئے یہ کرایہ 40 اور 50 روپے ہوگا۔ سفاری پارک کی داخلہ فیس عام دنوں میں 50 روپے کر دی گئی ہے اور تعطیلات میں 60 روپے ہوگی بچوں کے لیے 20 اور تعطیلات میں 30 روپے کردی گئی ہے۔ زوپارک میں ٹرین کافی مقبول سواری ہے جس کا کرایہ اب عام دنوں میں بڑوں کے لیے 20 روپیہ اور تعطیلات میں 30 روپے جبکہ بچوں کے لئے عام دنوں میں 10 روپے اور تعطیلات کے ایام میں 15 روپے کردیا گیا ہے۔ زوپارک میں تصویر کشی کے لیے ویڈیو ریکارڈنگ یا تصاویر جو لی جاتی ہیں وہ بھی اب 70 روپے سے بڑھا کر 120 اور 500 کر دی گئی ہیں۔ اسی طرح زوپارک میں موجود گیسٹ ہاؤس جس کا کرایہ ایک ہزار روپیہ تھا اس میں بھی اضافہ کرتے ہوئے دو ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔