چیف منسٹر نے خود فری زون نظام کی مخالفت کی تھی ۔ پونم پربھاکر کا بیان
کریمنگر 2 جنوری ( این ایس ایس ) زونل نظام کی برخواستگی پر ریاست کی ٹی آر ایس حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سینئر کانگریس لیڈر و سابق رکن پارلیمنٹ پونم پربھاکر نے کہا کہ ان کی پارٹی اس مسئلہ پر صدر جمہوریہ پرنب مکرجی سے نمائندگی کریگی ۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پونم پربھاکر نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کیلئے زونل نظام برخواست کرنا مناسب نہیں ہے کیونکہ انہوںنے تلنگانہ تحریک کے دوران فری زون نظام کی مخالفت کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ اب یہی چیف منسٹر زونل نظام کے خلاف فیصلے کر رہے ہیں۔ پونم پربھاکر نے اس خیال کا اظہار کیا کہ زونل نظام کی برخواستگی کی وجہ سے دیہی طلبا اور روزگار کے متلاشیان کا بھاری نقصان ہوگا اسی لئے کانگریس پارٹی اس کی مخالفت کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت کے اس فیصلے کے خلاف کانگریس پارٹی صدر جمہوریہ ہند سے نمائندگی کرے گی ۔