کے سی آر کی دہلی میں وزیراعظم اور مرکزی وزراء سے نمائندگی متوقع
حیدرآباد ۔ 27؍ مئی ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندرشیکھرراؤ جو اتوار کو پرگتی بھون پر منعقدہ کابینی کے اجلاس کے بعد بیگم پیٹ ایرپورٹ سے چار روزہ دورپر نئی دہلی رروانہ ہوئے ۔ توقع ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کے دوران ریاست میں درج فہرست قبائیل اور اقلیتوں کو دیئے گئے تحفظات کے علاوہ جدید تشکیل شدہ زونل نظام کو منظوری کے لئے نمائندگی کریں گے ۔ باخبر ذرائع کے مطابق چیف منسٹر کے سی آر کا یہ دورہ چار روزہ ہوگا ۔ وہ بالخصوص تلنگانہ میں 7 زونس اور دو ملٹی زونس پر مشتمل جدید زونل نظام کو مرکز کی عاجلانہ منظوری پر زور دیں گے ۔ جدید زونل نظام کے لئے صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند سے ترمیمی احکام کے حصول کے لئے وزیراعظم سے درخواست کی جائیگی اور متعلقہ امور پر مرکزی وزراء سے تبادلہ خیال کریں گے ۔ علاوہ ازیں ریاست کی تقسیم کے ضمن میں ہائیکورٹ ‘ اثاثوں اور ادارہ جات کی جدول 9 اور 10 کے تحت مختلف امور کی عاجلانہ یکسوئی کے لئے بھی وزیراعظم سے اپیل کی جائیگی ۔ تلنگانہ کے چیف منسٹر کے سی آر کے یہ دورہ دہلی کو اس لئے بھی نمایاں اہمیت حاصل ہوگئی ہے کہ انہوں نے کرناٹک کے چیف منسٹر کی حیثیت سے ایچ ڈی کمارا سوامی کی حلف برداری تقریب میں شرکت سے گریز کیا تھا ۔ یہ تقریب مرکز میں بی جے پی حکومت کے خلاف اپوزیشن کی طاقت کے مظاہرہ کے طور پر دیکھی گئی تھی ۔