لکھنؤ ۔ 25 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) الہ آباد ہائیکورٹ نے ضلع مجسٹریٹ اعظم گڑھ کو طلب کرکے زندہ مردوں کی حالت زار کے بارے میں متعلقہ ریکارڈس کے ساتھ آئندہ سماعت 15 جنوری کو وضاحت پیش کرنے کی ہدایت دی۔ جسٹس شبیہہ الحسنین اور جسٹس شیوکمار سنگھ لکھنؤ بنچ الہ آباد ہائیکورٹ نے 18 ڈسمبر کو 12 سال پرانے مقدمہ میں درخواست گذار لال بہاری کی درخواست پر ضلع مجسٹریٹ کو سمن روانہ کیا۔ درخواست گذار نے ادعا کیا ہیکہ اسے محکمہ مال کے ریکارڈ میں آنجہانی قرار دیا گیا تھا اور اس کی بے انتہاء کوششوں کے بعد ریکارڈس کی تصحیح کی گئی ۔ اس نے ریاستی حکومت سے اپنی پریشانیوں اور مالی نقصان کا معاوضہ طلب کیا ہے۔ عدالت قبل ازیں ریاستی سرکاری مشیر قانونی کو بھی متعلقہ ریکارڈس پیش کرنے کی ہدایت دے چکی ہے۔