زندگی میں کوشش کے بغیر کوئی بھی چیز حاصل نہیں کی جاسکتی

ہر گھر سے ایک سندھو کے آنے کی ضرورت :چندرابابو
حیدرآباد5ستمبر(یواین آئی ) آندھرا پردیش کے وزیراعلی این چندرابابونائیڈو نے کہا ہے کہ زندگی میں کوشش کے بغیر کوئی بھی چیز حاصل نہیں کی جاسکتی۔انہوں نے یوم اساتذہ کے موقع پر ضلع گنٹور کے منگل گری میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے ہر گھر سے ایک سندھو کے آنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے بیڈ منٹن کھلاڑی پی وی سندھو کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ کم عمری میں ہی انہوں نے کافی نام کمایاہے ۔23سال کی عمر میں ہی انہوں نے کئی کارنامے انجام دیئے ہیں۔حالیہ منعقدہ ایشین گیمس میں بہتر مظاہرہ کرنے والی سندھو کا اعزازکس طرح کیاجائے ، اس بات کافیصلہ ریاستی کابینہ کے اجلاس میں کیاجائے گا۔ہمیں سندھو کے بہتر مظاہرہ کی امید ہے اور ہمیں یقین ہے کہ آئندہ کے مقابلوں میں بھی وہ بہتر مظاہرہ کریں گی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پی وی سندھو نے کہا کہ بیڈ منٹن میں مزید تمغے حاصل کرتے ہوئے آندھراپردیش اور ملک کے نام کو مزید اونچا کرنے کی وہ کوشش کریں گی۔انہوں نے یاد کرتے ہوئے کہا کہ اولمپکس میں تمغہ حاصل کرنے پر وزیراعلی نے ان کی جو ستائش کی تھی، وہ ناقابل فراموش ہے ۔