زمین سے فضا میں وار کرنے والا میزائیل آکاش کا کامیاب تجربہ

بالاسور ۔ 24 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان نے زمین سے فضا ء میں وار کرنے والے دیسی ساختہ میزائیل آکاش کا آج کامیاب تجربہ کیا ۔ وزارت دفاع کے ایک عہدیدار نے کہا کہ بغیر پائلٹ کے پرواز کرنے اور شکار کو نشانہ بنانے والے طیارہ لکشے کی مدد سے یہ میزائیل داغا گیا ۔ انھوں نے کہاکہ ’’لکشے 11:31 بجے چھوڑا گیا ، جس کے بعد 11:42 منٹ پر لانچ کامپلکس ۔ III سے آکاش کو تجرباتی طورپر داغا گیا ۔ آئندہ چند دنوں کے دوران مزید تجربات کئے جائیں گے‘‘۔

اس عہدیدار نے کہا کہ تجربہ کے دوران میزائیل نے صحیح کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اپنے شکار کو نشانہ بنایا ۔ اس تجربہ کے لئے کامپلکس۔II سے بناء پائلٹ طیارہ اڑایا گیا تھا۔ آکاش زمین سے فضا میں وار کرنے والا طیارہ شکن میزائیل ہے جو ڈی آر ڈی او کی طرف سے تیار کیا گیا ہے ۔