زمرہ کی 724 جائیدادوں پر جلد تقررات اسمبلی میں وزیر فینانس کا بیان ii گروپ

حیدرآباد27 مارچ ( آئی این این ) وزیر فینانس ایٹالہ راجندر نے آج مطلع کیا کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے گروپ ii زمرہ میں 724 مخلوعہ جائیدادوں پر عنقریب تقررات عمل میں لائیگی ۔ بی جے پی کے رکن کونسل این رامچندر راؤ کی جانب سے وقفہ سوالات میں اٹھائے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ایٹالہ راجندر نے یہ بات بتائی ۔ وزیر فینانس نے کہا کہ گروپ ii کی 439 جائیدادوں کو پر کرنے کیلئے اعلامیہ جاری کردیا گیا تھا اور آئندہ ماہ امتحانات منعقد ہونگے تاہم انہوں نے کہا کہ امتحانات کو منسوخ کردیا گیا ہے کیونکہ حکومت تمام 724 جائیدادوں کیلئے بیک وقت امتحان منعقد کرنا چاہتی ہے ۔ ایٹالہ راجندر نے مطلع کیا کہ محکمہ فینانس کو 55,000 مخلوعہ جائیدادوں کے تعلق سے اطلاعات ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 11,000 جائیدادوں پر تقررات کیلئے کارروائی شروع ہوچکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 14,000 جائیدادوں پر تقررات تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ پر کئے جائیں گے جبکہ 10,000 اساتذہ کے تقررات ڈی ایس سی کے ذریعہ عمل میں لائے جائیں گے ۔