ہرارے۔ یکم اگست (سیاست ڈاٹ کام) زمبابوے کی حکمراں ZANU-PF پارٹی کو پارلیمنٹ میں زائد نشستیں حاصل ہوئیں۔ سرکاری طور پر اعلان کئے گئے نتائج میں یہ بات سامنے آئی جبکہ ووٹوں کی گنتی ہنوز جاری ہے۔ دوسری طرف صدارتی انتخابات میں اپوزیشن ایم ڈی سی نے رائے دہی میں دھاندلیوں کی شکایت کی ہے جیسا کہ ہر ملک میں ہونے والے انتخابات میں اپوزیشن نے اپنا وطیرہ بنالیا ہے۔ زمبابوے الیکٹورل کمیشن (ZEC) نے قومی اسمبلی کی مزید 50 نشستوں کے نتائج ظاہر کئے جس کے بعد مجموعی طور پر 153 نتائج کا اعلان ہوچکا ہے جن میں سے ZANU-PF کو 110 نشستوں پر اور ایم ڈی سی ایلائینس کو 41 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ قومی اسمبلی کے ایوان زیریں میں 210 نشستیں ہیں۔ ایم ڈی سی نے حالانکہ پارلیمانی انتخابات کے نتائج پر یوں تو کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے تاہم قبل ازیں پارٹی قائد اور صدارتی امیدوار نیلسن چامیسا نے الزام عائد کیا کہ انتخابی نتائج میں دھاندلیاں کی گئی ہیں اور جو اعداد و شمار پیش کئے جارہے ہیں، وہ غلط ہیں۔