زمبابوے میں دو نائب صدور کی حلف برداری

ہرارے ۔ 28 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) زمبابوے کے سابق فوجی کمانڈر جنہوں نے ملک کے سابق صدر رابرٹ موگابے کی 37 سالہ طویل حکومت کے خاتمہ کیلئے فوجی کارروائی کی تھی، کو آج ملک کے نائب صدر کی حیثیت سے حلف دلوایا گیا۔ یا رہیکہ زمبابوے میں بیک وقت دو نائب صدور کی تقرری عمل میں آئی ہے۔ 61 سالہ جنرل کونسٹانٹینو چیونگا نے آج عہدہ اور ملک کے تئیں وفادار رہنے کا حلف لیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ملک کے دستور کی پاسداری اور اس کا دفاع کریں گے۔ تقریب میں شرکت کرنے والے صحافیوں کے مطابق مسٹر چیونگا نے اپنے فرائض بخوبی انجام دینے کا بھی حلف لیا۔ حلف برداری تقریب کے موقع پر چیونگا سیاہ رنگ کا سوٹ زیب تن کئے ہوئے تھے جبکہ ایک سینئر سیاستداں اور سیکوریٹی منسٹر کے فرائض انجام دینے والے کیمبو موہادی نے دوسرے نائب صدر کی حیثیت سے حلف لیا۔ 15 نومبر کو ملک کی فوج نے رابرٹ موگابے کو اقتدار سے بیدخل کرتے ہوئے عارضی طور پر کنٹرول حاصل کرلیا تھا۔