زلزلہ کے زخمیوں کی پیشانی پر اسٹیکرس

دربھنگہ(بہار)۔ 28 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) نیپال میں آئے زلزلہ کے اثرات بہار میں زیادہ محسوس کئے گئے اور ایک ہاسپٹل میں جہاں زخمیوں کا علاج کیا جارہا تھا، ان کی پیشانی پر ’’بھوکمپ‘‘ (زلزلہ) کے نام سے اسٹیکرس چسپاں کردیئے گئے تھے۔ دربھنگہ میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل میں مریضوں کی شناخت کیلئے ایسا کیا گیا۔ یہ تصاویر ٹی وی پر پیش کی گئی، اور بتایا گیا کہ زلزلہ کے زخمیوں کو علیحدہ وارڈس میں رکھا گیا ہے اور ان کی پیشانی پر اسٹیکرس لگائے گئے ہیں تب عوام میں شدید برہمی پیدا ہوگئی۔ سپرنٹنڈنٹ ہاسپٹل شنکر جھا نے فوری معذرت خواہی کرتے ہوئے کہا کہ یہ اسٹیکرس نکال دیئے جائیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ شام میں تمام مریضوں کی پیشانی سے یہ اسٹیکرس نکال دیئے گئے ۔ زلزلہ کے تقریباً 15 متاثرین کو دربھنگہ ہاسپٹل بغرض علاج لایا گیا تھا۔ اس وقت 6 زخمی ہنوز زیرعلاج ہیں۔