نئی دہلی 30 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم پاکستان نواز شریف نے آج وزیر اعظم ہند نریندر مودی کو فون کیا اور ہندوستان میں آئے حالیہ زلزلہ میں انسانی جانوں کے اتلاف پر افسوس کا اظہار کیا ۔ مودی نے آج اپنے ٹوئیٹر پر کہا کہ انہیں وزیر اعظم پاکستان نواز شریف کا فون کال موصول ہوا جس میں انہوں نے ہندوستان کے مختلف حصوں میں آئے زلزلہ میں انسانی جانوں کے اتلاف پر افسوس کا اظہار کیا ۔ مودی نے بتایا کہ نواز شریف نے نیپال میں بچاؤ کاموں میں ہندوستان کی کوششوں کی بھی ستائش کی ۔ مودی نے بتایا کہ انہوں نے اظہار ہمدردی پر نواز شریف کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ مودی نے کہا کہ انہوں نے بات چیت کے دوران تجویز کیا کہ سارک ممالک کو چاہئے کہ وہ ڈیزاسٹر ریلیف و بچاؤ کاموں پر باقاعدہ طور پر مشترکہ مشقیں کریں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سارک ممالک کو چاہئے کہ وہ مل کر مشترکہ سالانہ مشقیں کریں ۔ اس سے ہمیں آفات سماوی کے دوران نقصانات کو کم سے کم کرنے میں مدد مل سکتی ہیں۔ مشترکہ مشقوں میں بچاؤ اور راحت کاری کے علاوہ ڈاکٹرس کو بھی شامل کیا جاسکتا ہے ۔
مودی نے بتایا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے ان کے اس خیال کی ستائش کی اور کہا کہ ہم کو اس مسئلہ پر پہل کرنی چاہئے ۔ معلوم ہوا ہے کہ دونوں وزرائے اعظم نے غیرموسمی بارش اور اس کے فصلوں پر ہوئے اثرات پر بھی بات چیت کی ۔ اس دوران اسلام آباد میں پاکستانی دفتر خارجہ نے بھی کہا کہ نواز شریف نے ہندوستان کو زلزلہ متاثرین کی امداد کی پیشکش بھی کی ۔ دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں اور پسماندگان کے علاوہ حکومت ہند سے اظہار ہمدردی کرنے کے علاوہ وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور اس کے عوام حکومت ہند اور عوام سے اظہار یگانگت کرتے ہیں اور ہر ممکنہ مدد کرنے تیار ہیں۔ نواز شریف نے اس بات کا اعادہ کیا کہ گذشتہ سال لائین آف کنٹرول کے دونوں جانب آئے کشمیر سیلاب جیسی آفات سماوی نے موثر مکانزم کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت کو واضح کیا ہے ۔ نواز شریف نے کل کہا تھا کہ ہندوستان نے پاکستان کے جذبہ خیرسگالی کا مثبت جواب نہیں دیا ہے جو انہوں نے گذشتہ سال نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کرتے ہوئے دکھایا تھا ۔