زعفرانی پارٹی کو شکست دینے ریاستی سطح پر محاذ قائم کیا جائے :پرکاش کرت

نئی دہلی ۔ 22مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) سی پی آئی ایم کے سینئر قائد پرکاش کرت نے آج ملک میں جاری تیسرے محاذ قائم کرنے کی کوششوں کے درمیان کہا کہ بہتر ہوگا کہ ریاستی صدر پر مخالف بی جے پی ووٹوں کو متحد کیا جائے ‘ بجائے اس کے قومی سطح پر مخالف بی جے پی اور مخالف کانگریس کوئی تیسرا محاذ قائم کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ایسے کئی تجربات کو ناکامیوں کا منہ دیکھنا پڑا ہے ۔ آنے والے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کو روکنے کیلئے سب سے اچھا طریقہ یہی ہے کہ ہر ریاست میں مخالف بی جے پی ووٹوں کو متحد کرنے کی کوشش کی جائے ۔باالفاظ دیگر وہ یہ کہہ رہے تھے کہ قومی سطح پر مخالف بی جے پی یا مخالف کانگریس محاذ بنانے کے بجائے ریاستی سطح پر محاذ بناکر زعفرانی پارٹی کو شکست دی جاسکتی ہے ۔ مسٹر کرت نے کہا کہ ہر ریاست کے اپنے الگ الگ مسائل ہوتے ہیں جس کا علاقائی پارٹیوں کو سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ پارٹی ترجمان پیپلزڈیموکریسی کے تازہ ترین شمارہ میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ دنوںمیں تلنگانہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے مخالف بی جے پی ‘ مخالف کانگریس وفاقی محاذ بنانے کا ارادہ ظاہر کیا ہے مگر یہ ناکام ہوجائے گا چونکہ بعض علاقائی پارٹیاں جیسے بہارمیں آر جے ڈی ‘ ٹاملناڈو میں ڈی ایم کے جیسی پارٹیاں کانگریس کے ساتھ اتحاد رکھتی ہے اور علاقائی مسائل کے اعتبار سے ان کی اپنی مجبوریاں ہوتی ہیں جس کی وجہ سے تمام علاقائی پارٹیوں کو ایک ساتھ آنا مشکل ہوتا ہے ۔ لہذا بہتر یہی ہے کہ ریاستی سطح پر ہی متحدہ طور پر مخالف بی جے پی ووٹوں کو حاصل کرنے کی کوشش کی جائے اور اسی طریقہ سے بی جے پی کو 2019ء میں دوبارہ اقتدار پر قبضہ کرنے سے روکا جاسکتا ہے ۔