ایس سی ‘ ایس ٹی ‘ بی سی و اقلیتوں کو تحفظات دینے حکومت کا فیصلہ
حیدرآباد۔/29مارچ ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے زرعی مارکٹ کمیٹیوں کے صدر نشین کے عہدہ پر ایس سی، ایس ٹی، بی سی، خواتین اور اقلیتوں کو تحفظات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں اسمبلی میں آج تلنگانہ مارکٹ قانون 1966میں ترمیم کو منظوری دی گئی۔ اس منظوری کے ساتھ زرعی مارکٹ کمیٹیوں کے صدورنشین کی حیثیت سے انتخاب کے موقع پر تحفظات پر عمل کیا جائے گا۔ وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے اس ترمیمی بل کو پیش کیا جس کی تمام جماعتوں نے تائید کی۔ بل کی پیشکشی کے بعد کانگریس کے ڈاکٹر چنا ریڈی نے ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور اقلیتوں کے ساتھ خواتین کو بھی تحفظات کی فراہمی کی تجویز پیش کی جسے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے فوری قبول کرلیا اور ایوان میں ہی حکومت کی جانب سے ترمیم پیش کرتے ہوئے بل میں لفظ ’ خواتین ‘ کا اضافہ کیا گیا۔ چیف منسٹر نے ڈاکٹر چناریڈی کی تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت خواتین کو 33فیصد تحفظات کے حق میں ہے۔ ترمیم میں کہا گیا ہے کہ مارکٹ کمیٹیوں کے صدور نشین کا انتخاب کمیٹی کے ارکان میں سے ہوگا اور ایس سی، ایس ٹی، بی سی، اقلیت اور خواتین کے تحفظات پر عمل آوری کی جائے گی۔ حکومت کا کہنا ہے کہ مارکٹ کمیٹیوں میں سماجی انصاف کو یقینی بنانے کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اسمبلی اجلاس کے بعد چیف منسٹر نامزد عہدوں پر تقررات کا عمل شروع کریں گے اور بتایا جاتا ہے کہ پہلے مرحلہ میں مارکٹ کمیٹیوں پر تقررات عمل میں آئیں گے۔ اس پس منظر میں تمام طبقات سے تعلق رکھنے والے پارٹی قائدین کو کمیٹیوں میں مناسب حصہ داری کیلئے قانون میں ترمیم کی گئی ہے۔